حریم شاہ کا کم آمدنی والے پاکستانیوں کو سستے پلاٹ فراہم کرنے کا اعلان، سوشل میڈیا پر طوفان آگیا

کراچی(پی این آئی) معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے لوگوں کو تین لاکھ میں چار مرلے کے پلاٹ دینے کا اعلان کر دیا۔ ملک کی سیاسی شخصیات کے ساتھ متنازعہ تصاویر اور ویڈیوز بنا کر شہرت حاصل کرنے والی حریم شاہ نے پراپرٹی بینک مارکیٹنگ نیٹ ورک کے ساتھ اشتراک سے لوگوں کو سستے پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

 

 

 

حریم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں بتایا ہے کہ کراچی کے بے گھر افراد کے اپنی چھت کے خواب کو تعبیر دینے کے لیے انہیں چار چار مرلے کے پلاٹ صرف تین لاکھ روپے میں دیئے جائیں گے۔ آپ پراپرٹی بینک مارکیٹنگ کے متعلق گوگل سے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم جو افراد پلاٹ لینے کے خواہش مند ہیں وہ فارم لینے کے لیے پراپرٹی بینک مارکیٹنگ کے آفس آ جائیں۔حریم شاہ ویڈیو میں بتاتی ہیں کہ فارم اس آفس میں ہی جمع کیے جائیں گے۔ ہم جلد گھر کے بارے میں آپ کے خواب کی تعبیر بنیں گے۔ میں ایڈریس اور فون نمبر دے رہی ہوں۔ اس حوالے سے میں نے ایک پریس کانفرن کی ہے اوراس میں بھی تمام تفصیلات بتائی ہیں۔ پھر بھی کسی کو سمجھ نہ آئے تو اس فون نمبر پر رابطہ کرکے سوالات پوچھ سکتے ہیں۔ٹک ٹاکر بتاتی ہیں کہ ہر ماہ قرعہ اندازی کے ذریعے 100بے گھر لوگوں کو پلاٹ دیئے جائیں گے۔

 

 

جو شخص پلاٹ جیتے گا وہ ایک لاکھ روپے ادا کرکے پلاٹ کا قبضہ حاصل کر سکے گا اور باقی رقم اقساط میں ادا کرنی ہو گی۔حریم شاہ کے اس اعلان پر سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان آیا ہوا ہے اور لوگ اس اعلان کو ہنسی میں اڑا رہے ہیں۔ حریم شاہ کی طرف سے اپنی پریس کانفرنس کی ایک ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جس پر ذیلی ٹویٹس میں ملک خیل ایم وزیر نامی صارف نے لکھا کہ ”وزیراعظم صاحب مجھے ایک پلاٹ قرض پر چاہیے۔“ایک اور آدمی نے کہا کہ ”میرا پلاٹ ڈبل شاپر میں دینا۔“سعدیہ نامی لڑکی نے لکھا کہ ”اتنے میں تو قربانی کا جانور نہیں آتا ڈھنگ کا، تو پلاٹ کہاں سے آئے گا۔“سرمد حمید نے کہا کہ ”ایک درجن پیک کر دو، چٹنی علیحدہ پیک کرنا۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں