منی لانڈرنگ کیس ، سلیمان شہباز سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی) منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز سمیت تمام ملزمان بری ہو گئے۔ اسپیشل کورٹ سینٹرل لاہور کے جج بخت فخر بہزاد نے سلیمان شہبازاور دیگر ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی ، سلیمان شہبازعدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ نجی ٹی وی  کے مطابق ایف آئی اے نےکیس سے متعلق 27 سوالات کے جوابات عدالت میں جمع کرا دیے۔

جج بخت فخر بہزاد نے استفسارکیا کہ منی لانڈرنگ کی انکوائری کس نے کی تھی؟ جس پر ایف آئی اے کےوکیل نے بتایا کہ ڈاکٹر رضوان کی سربراہی میں جے آئی ٹی نے انکوائری کی تھی ۔جج نے سوال کیا کہ ایف آئی اے نے پوری تفتیش میں کسی ایک گواہ کا بیان لکھا ہے؟ اس پر ایف آئی اے کے تفتیشی افسر خاموش ہوگئے۔جج نے استفسار کیا کہ کیا ایف آئی اے کے7 والیم میں کوئی ثبوت موجود ہے؟ سیدھا سیدھا بتائیں کہانیاں نہ کریں

، میں نے سب پڑھ لیا ہے، سب ایف آئی اے والوں کو ابھی جیل بھیج دوں گا، مجھے جواب چاہیےکہ چالان کے ساتھ جرم کا کیا ثبوت تھا؟بعدازاں عدالت نے سلمان شہبازاور دیگر کو منی لانڈرنگ کے مقدمے سے بری کر دیا۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیمان شہبازنے کہا کہ اللہ کا شکر ہے حقائق عوام کے سامنے آگئے، اللہ کے فضل سے ہم سرخرو ہو گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close