کراچی ( پی این آئی ) سندھ حکومت نے کراچی میں الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ آج الیکٹرک بسیں روڈ پر آجائیں گی، کراچی پاکستان کا پہلا شہر ہے جہاں الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، کراچی شہر کیلئے مزید بسیں آرہی ہیں اس کے ساتھ الیکٹرک بسوں کے نئے چارجرز منگوائے گئے ہیں، مزید بسیں کراچی پورٹ پر کل پہنچ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے عوام کو سہولت اور ریلیف فراہم کریں، کوشش ہے کراچی شہر کو نئی بسوں کے ساتھ بھر دیں، جس کے بعد سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، ای وی بسز کا پلانٹ کراچی میں لگنے جا رہا ہے، ای وی بسز کے پلانٹ کیلئے پڑوسی ملک سے بات چل رہی ہے، پوری دنیا سے سرمایہ کاروں کو یہاں آنے کی دعوت دیں گے، روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت مفاہمت کا پیغام دیتی ہے، ہم نے سوشل میڈیا پر بدتمیزی کا طوفان نہیں لانا اب ہمیں ملک اور عوام کیلئے متحد ہونا ہوگا، کراچی میں علاج کیلئے پورے ملک کے علاوہ پڑوسی ممالک سے بھی لوگ آ رہے ہیں، صحت کیلئے سندھ حکومت نے بہت کام کیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی، قدرتی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے بھی کام کر رہے ہیں، بیرون ملک سے سرمایہ کاری آئے گی اور نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں