کراچی(پی این آئی )اسرائیل غیر قانونی طریقے سے جانے والوں کے حوالے سے ایف آئی اے میرپورخاص میں درج کیس میں پیش رفت ہو ئی ہے ، جی پی او میرپورخاص سے حاصل کردہ ریکارڈ سے انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کی جانب سے اسرائیل سے جی پی او میرپورخاص میں1 کروڑ 13 لاکھ روپے کی 108 ٹرانزیکشنز کی گئیں۔مطابق ترجمان ایف آئی اے کا کہناتھا کہ پی آئی اے، ایمریٹس ایئرلائنز، قطر ایئرلائنز اور اتحاد ایئرویز سے ملزمان سے بک کرائے گئے ٹکٹوں سے متعلق ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے ان ائیرلائنز سے رابطہ کیا گیا ہے ۔
کینیا، سری لنکا، سوئٹزرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کے سفارت خانوں سے ایم او ایف اے کے ذریعے رابطہ کیا گیا ہے تاکہ ملزمان کو جاری کیے گئے ویزوں سے متعلق ریکارڈ حاصل کیا جا سکے۔ اسرائیل سے لین دین سے متعلق ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے جی پی او حیدرآباد اور جی پی او میرپورخاص سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ کاؤنٹر پارٹیز کو اسرائیل سے موصول ہونے والی ترسیلات زر کے سلسلے میں جانچا گیا ہے۔ ملزمان کی گزشتہ تمام سفری تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں، یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ایف آئی آر میں نامزد5 ملزمان کے علاوہ کچھ رشتہ داروں نے بھی اسرائیل کا دورہ کیا ہے، ایسے ریکارڈ کو بارڈر مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے تاکہ ملزمان کے خاندانوں کی مکمل سفری تاریخیں حاصل کی جاسکیں،ملزمان اس وقت سینٹرل جیل میرپورخاص میں عدالتی تحویل میں ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں