لاہور (پی این آئی)وزیراعظم کو لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب میں نوجوان نے خوشگوار سرپرائز دے دیا، شہباز شریف نے محسن علی کو سینے سے لگا کر شاباش دی۔لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے جناح کنونشن سینٹر میں 5 گولڈ میڈل جیتنے والے محسن علی نے بھی ملاقات کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محسن علی اسی میو کالج میں لیکچرار ہے جس کے قریب تندور پر روٹیاں لگاتا تھا،
شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب محسن علی جیسے سیکڑوں غریب نوجوانوں کی سرپرستی کی تھی، محسن علی نے پانچ گولڈ میڈل جیت کر پاکستانی نوجوانوں کو کامیابی کا راز سمجھایا ہے۔لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب میں نوجوان محسن نے تقریر کی اور بتایا وہ تندور پر روٹیاں لگاتا تھا، محسن کی ذاتی جدوجہد، حصول تعلیم اور زندگی میں کامیابی کے سفر پر کیس سٹڈی پیش کی گئی۔محسن نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دیے تعلیمی وظیفے پر تعلیم حاصل کی، محسن آج میو کالج لاہور میں لیکچرار کے فرائض انجام دے رہا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نشست سے اٹھ کر نوجوان محسن کے پاس گئے اور سینے سے لگانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ جیسے نوجوانوں پر فخر ہے، اسی جذبے سے آگے بڑھتے رہیں، آپ کو مزید ترقی کرتے دیکھناچاہتا ہوں۔وزیراعظم نے نوجوان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، وزیراعظم کے محسن سے ملنے کے دوران تقریب کے تمام شرکاءنے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں، کئی شرکاءکی خوشی سے آنکھیں نم ہوگئیں، شرکاءنے بھرپور تالیوں سے محسن کو داد دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں