شاہ محمود قریشی نے عمران خان کیساتھ ملاقاتوں سے متعلق بڑا انکشاف کر دیا

لاہور (پی این آئی) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے وفد سے آج عمران خان کی ملاقات ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انکشاف کیا ہے کہ عمران خان سے ایک نہیں میری کئی ملاقاتیں ہوئی ہیں،لٰہذا افواہوں پر کان نہ دھریں۔انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے وفد کی آج چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات ہو گی،میں بھی ملاقات میں شریک ہوں گا اور اپنا مؤقف آئی ایم ایف وفد کے سامنے رکھنے رکھیں گے۔ یاد رہے کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی عبوری ضمانتوں میں 21 جولائی تک توسیع کر دی گئی ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی،جج اعجاز احمد نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔دونوں رہنما عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو شاملِ تفتیش ہونے کا حکم دے دیا، دونوں رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 21 جولائی تک توسیع کی گئی۔ وائس چیئرمین تحریک انصاف نے تین مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستیں بھی دائر کیں۔

شاہ محمود قریشی کیخلاف ان تینوں مقدمات میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تھے۔جبکہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے تھانہ ترنول میں درج 9 مئی ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی عبوری ضمانت سے متعلق کیس پر سماعت ہوئی،شاہ محمود قریشی اور اسد عمر اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close