عمران خان اور آئی ایم ایف وفد کے درمیان ملاقات میں کیا بات چیت ہوئی؟ تفصیلات آگئیں

لاہور (پی این آئی) آئی ایم ایف وفد نے چیئرمین پی ٹی آئی سے زمان پارک میں ملاقات کی، جس میں اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ قرض معاہدے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایم ایف کا وفد چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد زمان پارک سے روانہ ہوگیا ہے۔

آئی ایم ایف وفد اور چیئرمین پی ٹی آئی کے درمیان ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سابق وزیرخزانہ شوکت ترین نے ویڈیولنک پر آئی ایم ایف وفد کو بریفنگ دی۔اس سے قبل پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایسٹر پریز روئز نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے رابطہ کر رہا ہے۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے نمائندوں سے آئی ایم ایف کا وفد ملاقات کرے گا، انتخابات سے پہلے آئی ایم ایف سپورٹ پروگرام کیلئے ان کی حمایت کی یقین دہانی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے نئے قرض پروگرام میں معاونت چاہتے ہیں، آئندہ الیکشن کے بعد بننے والی سیاسی حکومت کو پالیسیوں سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے ٹویٹر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے چند روز پہلے آئی ایم ایف کی ٹیم نے رابطہ کیا،آئی ایم ایف کے ساتھ 9 ماہ کا اسٹینڈ بائی معاہدہ کا مسودہ اگلے ہفتے آئی ایم کے بوڑد کے سامنے واشنگٹن میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔

انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے معاہدے کی حمایت کے لئے درخواست کی گئی ہے،اور اس سلسلے میں آج آئی ایم ایف کی ٹیم زمان پارک میں پارٹی چیئرمین عمران خان اور معاشی ٹیم سے ملاقات کرے گی۔ حماد اظہر نے مزید کہا کہ ملاقات میں آئی ایم ایف کے پاکستان میں موجود حکام اور بیرون ملک میں مقیم حکام ورچوئل شرکت کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close