راولپنڈی (پی این آئی) پی ڈی ایم کے مستقبل سے متعلق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ایک اور پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارہ اگست سے پہلے پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہوگی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں پولیس نے اسمبلی کو تالا لگا دیا، سپیکر باہر کھڑامنہ دیکھتارہا۔ کراچی کے الیکشن کی طرح گلگت بلتستان میں بھی اکثریت اقلیت میں بدل دی جائے گی۔ کراچی کے میئر کا الیکشن، کشمیر کا الیکشن اور اب گلگت بلتستان کا الیکشن جمہوریت کا پوسٹ مارٹم کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ نون لیگ تین سیٹوں سے گلگت بلتستان میں چیف منسٹر کی سیٹ پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، ایسا نہیں ہوگا۔ اسے معلوم نہیں گلگت بلتستان کتنا حساس خطہ ہے، دنیا کی سیاست میں اس کے جغرافیے کوسمجھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے پیش گوئی کی کہ بارہ اگست سے پہلے پی ڈی ایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہوگی، ساری قوم حالات کو بخوبی سمجھتی ہے لیکن وقت کے انتظار میں خاموش ہے۔ وہ مسترد شدہ چہرے جن سے عوام نفرت کرتے ہیں وہ دوبارہ چور دروازے سے حکومت پر مسلط ہونے کی سازش کر رہے ہیں۔ جب لوگوں کی خواہشوں کا خون کیا جاتا ہے اور غیر مقبول لوگوں کے لیے راستہ بنایا جاتا ہے تو مسائل مزید سنگین گھمبیر ہو جاتے ہیں اور ملک بند گلی میں داخل ہو جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نگران حکومت کے آنے پر الیکشن كے شفاف ہونے یا نہ ہونے کاکٹی کٹا کھل جائے گا، جو بارشوں کا پانی نہیں سنبھال سکے وہ عوام کی سیاسی سوچوں کے انقلاب کو نہیں سمجھ سکیں گے۔ عوام کے مسائل سنگین سے سنگین تر ہوتے جا رہے ہیں، جس حکومت سے ڈیڑھ سال میں حالات نہیں سنبھلے وہ ایک مہینے میں کونسی تلواریں چلا لیں گے۔ سارے پلان دھرے کے دھرےرہ جائیں گے، اندازے غلط ثابت ہوں گے پی ڈی ایم منہ دیکھتی رہ جائے گی، خواہشیں خبریں ضرور بن سکتی ہیں لیکن حقیقت میں جمہوریت میں فیصلے وہی ہوتے ہیں جو آئین اور قانون کے تحت عوام کرتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں