اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی نے قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے پر سوئیڈن پر معاشی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ آج پارلیمنٹ کا مذمتی اجلاس جاری ہے۔
اگر دوبارہ اس طرح کا واقعہ پیش آیا تو ہم تعزیتی اجلاس بلا لیں گے، اسی طرح او آئی سی بھی صرف مذمتی اجلاسوں تک ہی محدود ہے، مسلم امہ نے فلسطین کے معاملے پر بھی محض مذمت اور تقاریر ہی کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم ممالک بڑی تجارتی منڈی ہیں، جو پوری دنیا کو تیل سپلائی کرتی ہے ، لیکن بدقسمتی سے مسلم امہ معاشی فیصلے لینے سے گھبرا رہی ہے اگر سخت معاشی فیصلہ لیا جائے تو پورا یورپ راہ راست پر آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر مسلمانوں کو ذوالفقار علی بھٹو اور شاہ فیصل جیسی لیڈر شپ کی کمی شدت سے محسوس ہورہی ہے ، اگر لیڈر شپ مضبوط ہو تو سوئیڈن پر معاشی پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں