گلگت (پی این آئی) گلگت بلتستان اسمبلی کے 33 رکنی ایوان میں 17کی حمایت حاصل کرنے کے لیے نمبر گیم شروع ہوگیا ہے ۔پی ٹی آئی کے ناراض رکن اسمبلی حاجی گلبر خان نے 3 ناراض ارکان کو ساتھ ملانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ سپریم ایپلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے وزیراعلیٰ کا انتخاب روک دیا ہے۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف رؤف حسن کا کہنا ہے کہ ریاستی مشینری کے بدترین استعمال سے اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا ہدف ہے،
منتخب اراکین کی گرفتاریوں اور ہارس ٹریڈنگ سے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کا منصوبہ ہے۔رؤف حسن کا کہنا ہے کہ سازشی عناصر کم از کم 7 روز تک اسمبلی اجلاس رکوانا چاہتے ہیں، جی بی میں پی ٹی آئی کا حکومتی اتحاد 23 ارکان پر مشتمل ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے 4، (ن) لیگ کے 3، جے یوآئی (ف )اور ایک آزاد رکن سمیت کل 9 ارکان اپوزیشن کا حصہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے حاجی گلبر خان اگر 3 ساتھیوں سمیت اپوزیشن کے ساتھ مل بھی جائیں تب بھی اپوزیشن کو17کا نمبر پورا کرنے کے لیے 4 نئے ارکان کی حمایت درکار ہو گی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز سپریم ایپلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے جعلی ڈگری کیس میں پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ خالد خورشید کو نااہل قرار دیا تھا۔ پی ٹی آئی نے خالد خورشید کی جگہ راجہ اعظم کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں