اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی بازیابی کیلئے پولیس کو ایک ہفتے کی مہلت دیدی۔ایس ایس پی آپریشنز نے عدالت کو بتایا کہ اعظم خان جس گاڑی میں گھر سےنکلے وہ مبینہ طور پر رجسٹرڈ نہیں، اعظم خان انٹرنیشنل نمبر استعمال کر رہے تھے جو صرف وائی فائی پر چلتا ہے،انٹرنیشنل نمبر ہونے کی وجہ سے ٹریس کرنے میں دشواری ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی ۔اسلام آباد پولیس نے پیشرفت رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی،ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر نے کہاکہ لاپتہ سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کاکوئی سراغ نہ مل سکا،اعظم خان جس گاڑی میں گھر سےنکلے وہ مبینہ طور پر رجسٹرڈ نہیں،اعظم خان کی تلاش کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،اعظم خان کے معاملے کی خود نگرانی کررہا ہوں۔ایس ایس پی آپریشنز نے کہاکہ اعظم خان انٹرنیشنل نمبر استعمال کر رہے تھے جو صرف وائی فائی پر چلتا ہے،انٹرنیشنل نمبر ہونے کی وجہ سے ٹریس کرنے میں دشواری ہے۔نمائندہ پولیس کاظم نیاز نے کہاکہ اعظم خان جس گاڑی میں گئے وہ 2017ماڈل ہے جو رجسٹرڈ نہیں ہے ، گاڑی کا نمبر نہ ہونے سے بھی ٹریس کرنےمیں دشواری کا سامنا ہے۔وکیل درخواست گزار نے کہاکہ جب تک ہائی آفیشل کو نہیں بلائیں گے تحقیقات آگے نہیں بڑھیں گی۔چیف جسٹس نے کہاکہ ایس ایس پی آپریشنز خود نگرانی کررہے ہیں انہیں وقت دے کر دیکھ لیتے ہیں۔ کوشش جاری رکھیں، فیملی سے بھی رابطہ رکھیں، آئندہ سماعت پر پیشرفت بتائیں۔ایس ایس پی آپریشنز نے کہاکہ عید کی وجہ سے اعظم خان کی فیملی سے ملاقات نہیں ہوئی۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ اعظم خان کی فیملی بھی پولیس کے ساتھ تعاون کرے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایس ایس پی آپریشنز کی مزید وقت دینے کی استدعا منظور کرلی ،عدالت نے ایس ایس پی آپریشنز سمیت متعلقہ حکام کو اعظم خان کی بازیابی کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں