گلگت بلتستان کے وزراء اورمشیروں کو سرکاری گاڑیاں واپس کرنے کا حکم

گلگت (پی این آئی) گلگت بلتستان کے وزراء اورمشیروں کو سرکاری گاڑیاں واپس کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کابینہ ڈویژن نے گلگت بلتستان کے وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی کو سرکاری گاڑیاں واپس کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان کے وزراء ، ایڈوائزر سرکاری گاڑیاں واپس جمع کرائیں۔ گلگت بلتستان کے پارلیمانی سیکرٹریز، معاونین خصوصی ، اسپیشل کوآرڈینیٹرز کو بھی گاڑیاں جمع کرانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے راجہ اعظم اور ن لیگ کے انجیئر محمد انور نے وزیراعلیٰ کے لیے کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں۔ جے یو آئی کے رحمت خالق نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے۔ جب کہ ترجمان تحریک انصاف نے بتایا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے راجہ اعظم کی نامزدگی کی مںظوری دی،جبکہ راجہ اعظم وزیر اعلٰی کیلئے متفقہ طور پر تحریک انصاف کے امیدوار ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دے دیا گیا تھا،چیف کورٹ گلگت بلتستان نے خالد خورشید کی نااہلی کا فیصلہ سنایا تھا۔ وزیراعلی ٰگلگت بلتستان خالد خورشید کی مبینہ جعلی ڈگری کیس کی سماعت چیف کورٹ گلگت میں ہوئی۔ چیف کورٹ گلگت بلتستان میں 6 فریقین نے دلائل دیئے۔ لاجر بینچ میں تین ججز نے دلائل سنے،نااہلی کے آرٹیکل 62 اور 63 گلگت بلتستان میں اطلاق ہوتا ہے یا نہیں؟۔ دوسری جانب سپریم ایپلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے نئے وزیراعلٰی کے انتخاب کیلئے اسمبلی اجلاس روکنے کا حکم دے دیا،جی بی کے نئے وزیراعلٰی کے انتخاب کیلئے بلائے گئے اجلاس پر سپریم ایپلٹ کورٹ نے حکمِ امتناع جاری کر دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ اسپیکر 72 گھنٹوں میں وزیراعلٰی کے انتخاب کیلئے نیا شیڈول جمع کرائیں۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی حاجی گلبر خان نے اجلاس ملتوی کرنے کیلئے سپریم ایپلٹ کورٹ جی بی میں درخواست جمع کرائی تھی،حاجی گلبر خان نے مؤقف اختیار کیا کہ بیماری کے باعث جی بی میں موجود نہیں ہوں،انتخابات کا حصہ نہیں بن سکتا۔ وزیراعلٰی کے انتخاب کیلئے آج تین بجے اجلاس طلب کیا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close