لاہور (پی این آئی) استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین اور پارٹی صدر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں پارٹی کے سینئر رہنما اسحاق خاکوانی، عون چودھری، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، رانا نذیر، چودھری علی اختر، میاں خالد اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ منشور، پارٹی رجسٹریشن سمیت اہم معاملات پر حکمت عملی طے کی گئی، ملک بھر میں پارٹی کی تنظیم سازی اور ممبر سازی مہم پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، مختلف سیاسی رہنمائوں سے رابطوں کی پیش رفت پر بھی بات چیت کی گئی۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا کسی سیاسی جماعت سے الحاق یا اتحاد نہیں ہو گا، پارٹی ہر حلقے سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، انتخابی مہم چاروں صوبوں میں چلائی جائے گی، چاروں صوبوں میں سیاسی رہنمائوں سے رابطوں کیلئے مرکزی قیادت دورے کرے گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارا فوکس عام آدمی کے مسائل کا حل اور غربت و مہنگائی کا خاتمہ ہے، عوامی امنگوں کے عین مطابق پارٹی منشور دیں گے، عوامی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، استحکام پاکستان پارٹی ملک کو بحرانی کیفیت سے نکالے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں