عدالت نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا انتخاب ملتوی کر دیا، وجہ سامنے آگئی

گلگت بلتستان (پی این آئی) سپریم ایپلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے نئے وزیراعلٰی کا انتخاب ملتوی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم ایپلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے نئے وزیراعلٰی کے انتخاب کیلئے اسمبلی اجلاس روکنے کا حکم دے دیا۔

جی بی کے نئے وزیراعلٰی کے انتخاب کیلئے بلائے گئے اجلاس پر سپریم ایپلٹ کورٹ نے حکمِ امتناع جاری کر دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ اسپیکر 72 گھنٹوں میں وزیراعلٰی کے انتخاب کیلئے نیا شیڈول جمع کرائیں۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی حاجی گلبر خان نے اجلاس ملتوی کرنے کیلئے سپریم ایپلٹ کورٹ جی بی میں درخواست جمع کرائی تھی،حاجی گلبر خان نے مؤقف اختیار کیا کہ بیماری کے باعث جی بی میں موجود نہیں ہوں،انتخابات کا حصہ نہیں بن سکتا۔وزیراعلٰی کے انتخاب کیلئے آج تین بجے اجلاس طلب کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دے دیا گیا تھا،چیف کورٹ گلگت بلتستان نے خالد خورشید کی نااہلی کا فیصلہ سنایا تھا۔ جبکہ پی ٹی آئی نے راجہ اعظم کو وزیراعلٰی گلگت بلتستان کیلئے نامزد کیا ہے۔پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعلٰی گلگت بلتستان کیلئے راجہ اعظم کا نام تجویز کیا۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ راجہ اعظم وزیر اعلٰی کیلئے متفقہ طور پر تحریک انصاف کے امیدوار ہیں۔

جبکہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے بھی راجہ اعظم کی نامزدگی کی مںظوری دی۔ دوسری جانب وزیراعلٰی گلگت بلتستان کی نا اہلی کے بعد تحریک انصاف کیلئے ایک اور مشکل پیدا ہو گئی ہے۔ اسپیکر جی بی اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ کیخلاف عدم اعتماد کی ریکوزیشن جمع کرا دی گئی،ریکوزیشن اپوزیشن لیڈر امجد حسین ایڈووکیٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ سیکرٹری گلگت بلتستان اسمبلی کے مطابق ریکوزیشن پر 8 ارکان نے دستخط کئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں