اسلام آباد (پی این آئی) نیب آرڈیننس ترامیم کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ اب ملزم کو 14 کے بجائے 30 دن جسمانی ریمانڈ پر رکھا جاسکے گا، مجوزہ نیب ترامیم آج صدارتی آرڈیننس کے ذریعے لائی جائیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ترمیم کے بعد چیئرمین نیب تفتیش میں عدم تعاون پرملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرسکیں گے۔ ذرائع وزارت قانون و انصاف کے مطابق وفاقی کابینہ نے مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی ہے اور قائم مقام صدر صادق سنجرانی ترامیم سے متعلق آج رات صدارتی آرڈیننس جاری کریں گے۔
خیال رہے کہ صدر مملکت عارف علوی ان دنوں بیرون ملک ہیں اور ان کی جگہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی قائم مقام صدر ہیں۔ادھر پنجاب کی نگران حکومت نے سابقہ کابینہ کے گندم پر کیے گئے فیصلوں کے دستاویزات نیب کو دینے کی اجازت دے دی ہے۔نیب لاہور نے محکمہ خوارک پنجاب سے سابق وزیر اعلی پنجاب کے خلاف جاری انکوائری پر خفیہ دستاویزات مانگے تھے جس پر نگران کابینہ کے اجلاس میں نیب کی اپیل پر گندم کی خریداری اور فیصلوں کے خفیہ دستاویزات نیب کو دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔واضح رہے کہ سابقہ کابینہ کے 11 مختلف فیصلوں پر خفیہ دستاویزات کی فراہمی پر محکمہ خوراک نے نگران حکومت سے اجازت طلب کی تھی، عثمان بزدار کے دور حکومت میں گندم کی خریداری پر سمری سرکولیشن سمیت 11 مختلف فیصلے شامل ہیں، نیب نے بھی سابق وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے گندم پر کیے گئے مختلف فیصلوں دستاویزات مانگے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں