حکومت کا بے گھر ملازمین کیلئے بڑا فیصلہ

لاہور (پی این آئی) پنجاب حکومت نے بے گھر ملازمین کیلئے فوری طور پر رہائشی کالونی تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب کابینہ اجلاس میں بے گھرملازمین کیلئے نئے جی او آر تعمیرکرنے کی منظوری دے دی گئی، نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے رہائشی کالونی کی تعمیر کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کر دی۔

لاہور رنگ روڈ کے ایس ایل تھری پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ۔نیازی چوک سے بابو صابو تک ایلی ویٹڈ پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ پنجاب کے تمام سرکاری اسپتالوں کے ایم ایس کو مالی خود مختاری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایم ایس 10ملین روپے تک کے اخراجات خود کر سکیں گے۔ پنجاب کابینہ نے داتا دربار کے توسیعی منصوبے کی منظوری دے دی،توسیعی منصوبے کے تحت عالمی معیار کے مطابق لنگر خانہ تعمیر کیاجائے گا۔داتا دربار میں زائرین کیلئے سہولتوں میں اضافہ کیاجائے گا۔ ”آپ کی بلدیہ، ہیلپ لائن 1198“کے حوالے سے معاہدے پر دستخط،پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس 2011 میں ترمیم کی منظوری دی گئی ۔ احمد پور شرقیہ میں جاں بحق بچوں کے لواحقین او رمتاثرہ بچوں کیلئے مالی امداد کی منظوری دی گئی ۔ پنجاب حکومت کے اکاؤنٹس برائے مالی سال 2022-23 کی آڈٹ رپورٹ کی منظوری بھی دیدی گئی۔محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں معاہدے کے مسودے کی منظوری دی گئی۔

اس کے علاوہ اوکاڑہ آرٹس کونسل کا انتظام پنجاب آرٹس کونسل کے سپرد کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی ۔ پنجاب کابینہ نے فنانشنل پاورز کو ایم ایس تک تفویض کرنے کے فیصلے کی منظوری دیدی۔ملتان میں نشتر انسٹی ٹیوٹ آف آپتھالمولوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز کے قیام کی منظوری بھی دی گئی ۔سرکاری کالجز میں پرنسپلز کی تعیناتی کیلئے نظرثانی شدہ طریقہ کار کی منظوری دی گئی۔ واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ ماہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں جہاں خاطر خوا اضافہ کیا وہیں ان کے 6 منجمد الاؤنسز میں کو بھی بڑھا دیا تھا۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق ڈیوٹی اسٹیشن سے باہر سرکاری سفر اور رات کے قیام کے ڈیلی الاؤنس اور مائیلج الاؤنس میں 50فیصداضافہ کر دیاگیا۔اس کے علاوہ ایڈیشنل چارجز ، کرنٹ چارج، ڈیپوٹیشن الاؤنس میں 50فیصد اضافہ کر کے 12ہزار روپے سے بڑھا کر 18ہزار روپے کر دیاگیا۔ آرڈرلی الاؤنس کو بڑھا کر 25ہزار روپے کر دیاگیا ، اسپیشل کنوینئس الاؤنس میں 100 فیصد اضافہ کر کے چار ہزار روپے کر دیاگیا۔ ملٹری کے کنسٹنٹ اٹنٹڈ الاؤنس کو 7ہزار روپے سے بڑھا کر 14ہزار روپے جب کہ مجاز پنشنرز کے ڈرائیور الاؤنس کو 14ہزار روپے سے بڑھا کر 21ہزار روپے کر دیاگیا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں