مریم نواز کی ن لیگ پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز، وجہ بھی سامنے آگئی

دبئی (پی این آئی)مریم نواز نے مسلم لیگ ( ن) پنجاب کو3حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز دیدی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی تنظیم نو کے لیے دبئی میں مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت کا اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس کی صدارت پارٹی کے قائد نواز شریف نے کی، جس میں چیف آرگنائزر مریم نواز بھی شریک ہوئیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کی صوبائی تنظیم کو کم از کم 2 یا زیادہ سے زیادہ 3 حصوں میں تقسیم کرنے پر غور کیا گیا۔پنجاب کی تنظیم کو وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب یا شمالی، جنوبی اور وسطی پنجاب میں تقسیم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔پنجاب کی صوبائی تنظیم کی تقسیم کی تجویز مریم نواز نے دی اورقائد ن لیگ نے اس حوالے سے گرین سگنل دے دیا۔وسطی پنجاب کی صدارت کے لئے میاں جاوید لطیف کے نام پر غور کیا جارہا ہے۔جنوبی پنجاب کے صدر کے لئے سعود مجید اور محمود الحسن کا نام شامل ہے۔ شمالی پنجاب کے صدر کے لئے حنیف عباسی، عابد رضا کوٹلہ، شیخ آفتاب اور سہیل کمڑیال کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔آئندہ عام انتخابات سے قبل پنجاب کی صوبائی تنظیم کی تقسیم کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔ تنظیم نو میں گذشتہ 5 سالوں کے دوران نواز شریف کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہنے والے لیگی رہنماوئں کو پارٹی عہدوں سے نوازا جائے گا۔آئندہ عام انتخابات کے لئے ٹکٹوں کی تقسیم میں تنظیم نو والے نئے عہدیداروں کی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے موجودہ صدر رانا ثناءاللہ کو مرکزی تنظیم میں کوئی نیا عہدہ دئیے جانے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close