لاہور (پی این آئی) عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس،خدیجہ شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت میں عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت ہوئی،پولیس نے تحریک انصاف کی سپورٹر خدیجہ شاہ کو عدالت میں پیش کیا۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے خدیجہ شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی،عدالت نے خدیجہ کو 17 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے پولیس کو مقدمے کا چالان جمع کرانے کی بھی ہدایت کر دی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں خدیجہ شاہ سے امریکی قونصلیٹ کے نمائندے نے ملاقات کی تھی۔ امریکی وفد نے جلاؤ گھیراؤ مقدمے میں گرفتار خدیجہ شاہ سے تقریباً ایک گھنٹے تک ملاقات کی،ملاقات کے دوران خدیجہ شاہ کی رہائی سے متعلق قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔خدیجہ شاہ کی دوہری شہریت کی وجہ سے وزارت داخلہ نے امریکی قونصل جنرل لاہور کو خدیجہ شاہ تک رسائی کی اجازت دی تھی۔خدیجہ شاہ پر 9 مئی کے واقعات میں لوگوں کو فون کرکے بلوانے اور جلاؤ گھیراؤ کا الزام ہے۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ جلا ؤگھیراؤ اور توڑ پھوڑ کیس میں خدیجہ شاہ کو گرفتار کیا گیا تھا۔ خدیجہ شاہ سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ آصف نواز جنجوعہ کی نواسی اور سابق مشیر خزانہ سلمان شاہ کی صاحبزادی ہیں۔
جبکہ 22 جون کو انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں خدیجہ شاہ،صنم جاوید،عالیہ حمزہ اور طیبہ راجہ سمیت 197 ملزمان کی ضمانتیں مسترد کر دی تھیں،33 ملزمان کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے انہیں ایک،ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے جناح ہاوس حملہ کیس میں 230 ملزمان کی ضمانتوں پر فیصلہ سنایا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں