فیاض الحسن چوہان کا چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان پر اب تک کا سنگین الزام

لاہور (پی این آئی) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری کی پریس کانفرنس سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے منفی مہم چلائی جا رہی ہے۔آئی پی پی رہنما فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت 9 مئی کے پُر تشدد واقعات میں ملوث ہے، رنگے ہاتھوں پکڑی گئی۔

سویلینز کے کیس ملٹری کورٹس میں پہلے بھی چلتے رہے ہیں، اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ ملٹری کورٹس سے متعلق غلط بیانی کر رہے ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملٹری کورٹس پر فیکٹس اینڈ فگرز کے مطابق بات کی۔ اس پریس کانفرنس پر چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے منفی مہم چلائی جا رہی ہے، اعتزاز احسن پی ٹی آئی کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ دن سے اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ چیئرمین پی ٹی آئی کے چیف پیٹرن بنے ہوئے ہیں۔ یہ دو لوگ پوری قوم کو اخلاقیات کا درس دے رہے ہیں۔ 1989 میں اعتزاز احسن پر سکھوں کی لسٹیں بھارت کو دینے کا الزام تھا، ان لسٹوں کی بنیاد پر آپریشن کر کے تمام سکھ لیڈرشپ کو قتل کیا گیا۔ افتخار چوہدری کی تحریک میں بھی انہی اعتزاز احسن نے قوم کو گمراہ کیا۔ ایک فارن فنڈنگ تحریک کو اعتزاز احسن نے کامیاب کیا۔ پوری پاکستانی قوم سے کھلواڑ کر کے بعد میں یہ سائیڈ پر ہو گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لطیف کھوسہ اور اعتزاز احسن کی پہچان پیپلز پارٹی ہے، اعتزاز احسن ، بلاول اور بے نظیر کے وفادار نہیں، وہ چئیرمین پی ٹی آئی کے کیسے وفادار ہوں گے۔ پیپلز پارٹی نہیں چھوڑتے مگر اس کی پالیسی کے خلاف پوری کمپین کرتے ہیں۔ اپنی پارٹی سے غداری کر کے لوگوں کو وفا کا درس دے رہے ہیں۔ کیا پاکستان میں ملٹری کورٹس پہلی دفعہ بن رہی ہیں، پی ٹی آئی دور میں 27 سویلینز کا کیس ملٹری کورٹس میں چلا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close