ناروال (پی این آئی) پنجاب میں ایک نئی موٹروے کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی، نارنگ منڈی تا ناروال 73 کلو میٹر موٹروے منصوبے پر 36 ارب 81 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی، منصوبے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت فنڈز خرچ کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران کھربوں روپے کے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق سیلاب سے بچاؤ کیلئے 194 ارب 62 کروڑ روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا ۔وزارت آبی وسائل کا منصوبہ چاروں صوبوں بشمول جی بی اور اے جے کے میں شروع کیا جائے گا، منصوبہ وفاقی و صوبائی فنڈز سمیت ڈونرز کے فنڈز سے شروع کیا جائے گا، ماکھی فراش لنک کینال سندھ کیلئے 12 ارب روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دی گئی ، سیلاب سے متاثرہ کچھی کینال منصوبے کیلئے 8 ارب روپے سے زائد کے فنڈز منظورکئے گئے ۔کچھی کینال منصوبہ کو 2022 کے سیلاب میں نقصان ہوا تھا، ایکنک نے نیو بالاکوٹ سٹی منصوبے پر بھی غور کیا،ایکنک کی متعلقہ محکموں کو تکنیکی اور مالیاتی تضادات دور کرنے کی ہدایت، ملک کے 36 اضلاع کیلئے قومی ملٹی سیکٹرل نیوٹریشن پروگرام منظور کیا گیا۔ یہ پروگرام 2023-25 تک وفاقی حکومت اور اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مکمل ہوگا، 36 کلو میٹر سندھ کوسٹل ہائے وے کیلئے 16 ارب 20 کروڑ سے زائد فنڈز منظور کیا گیا۔سندھ کوسٹل ہائے وے منصوبہ وفاقی ترقیاتی پروگرام کے فنڈز سے بنے گا، ایکنک نے لاہور سیالکوٹ 73 کلو میٹر موٹروے منصوبے کی بھی منظوری دیدی، نارنگ منڈی تا ناروال تک موٹروے تعمیر ہو گی، منصوبے پر 36 ارب 81 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی، منصوبے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت فنڈز خرچ کرے گی۔ اجلاس کے دوران سندھ میں روڈ انفراسٹرکچر منصوبہ این پانچ بھی منظور کرلیا گیا، منصوبے پر 12 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی، منصوبہ سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں