لیہ اراضی اسکینڈل، عمران خان کی بہن عظمیٰ خان اور بہنوئی اینٹی کرپشن کے سامنے پیش ہو گئے، کیا پیشرفت ہوئی؟

لاہور(پی این آئی)لیہ اراضی اسکینڈل میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ اور ان کے شوہر اینٹی کرپشن انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔ اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ اور احد مجید عدالتی حکم پرانکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے، اینٹی کرپشن ٹیم نے سوالنامہ ڈاکٹر عظمیٰ اور ان کے شوہر کے حوالے کیا۔

ترجمان نے بتایاکہ ملزمان کی جانب سے جواب دینے کےلیےمہلت مانگی گئی ہے اور ملزمان کی درخواست پر ان کو 5 جولائی تک وقت دیا گیا ہے۔ ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی نے دونوں کو تمام ثبوتوں کے ساتھ 5 جولائی کو دوبارہ طلب کرلیا۔ ترجمان کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بھی معزز عدالت میں انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا وعدہ کرچکے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ لیہ اراضی کیس میں ملوث نائب تحصیلدار کی ضمانت عدالت نے آج خارج کردی ہے اور اینٹی کرپشن ٹھوس شواہدکی بنیاد پر لیہ اراضی کیس میں تحقیقات کر رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں