اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معیشت کے لیے اگلے ایک دو دن بہت اہم ہیں، امید ہے قوم کو اچھی خبر ملے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے اسحاق ڈار کاکہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی شرح سود بڑھانے کی شرط پوری کر دی ہے۔
کفایت شعاری کے اقدامات کیے ہیں، این ایف سی کے شیئر نے بھی وفاقی حکومت کو مشکل میں ڈال دیا ہے، سب کو پتا ہے گزشتہ ایک سال سے مشکل حالات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عدلیہ سے کوئی گلا نہیں، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سمیت تمام ججز کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کی سمری بھیجی ہوئی ہے، وزیر اعظم اپنی ایڈوائس صدر مملکت کو بھیجیں گے اور نوٹس ہو جائے گا۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ مراعات بل قومی اسمبلی سے پاس نہیں ہونے دیں گے، ہماری پارٹی کا اصولی فیصلہ ہے چیئرمین سینیٹ کی مراعات کے بل کو سپورٹ نہیں کریں گے، چیئرمین سینیٹ کی مراعات کے بل کو منی بل کا حصہ نہیں بنایا۔ انہوں نے کہاکہ دفاعی اخراجات کم کرنے کی گنجائش نہیں، سول سروسز کے اخراجات میں کچھ کمی کی گنجائش ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں