اہم شہر میں بادل پھٹنے سے موسلادھار بارش، شہر ڈوب گیا

لاہور (پی این آئی) لاہور میں بادل پھٹنے کا انکشاف، جون میں زیادہ سے زیادہ بارش کا ریکارڈ ٹوٹ جانے کا دعوٰی، گزشتہ رات 6 گھنٹے 47 منٹ بارش ہوئی، کلاؤڈ برسٹ ہونے سے مختصر وقت میں 260 ملی میٹر بارش ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران طوفانی بارش نے سیلابی صورتحال پیدا کر دی۔ اس حوالے سے پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات نے دعوٰی کیا ہے کہ لاہور میں بادل پھٹنے کا واقعہ رونما ہوا۔

پیر کے روز جاری اپنے ایک بیان میں نگران وزیر اطلاعات و بلدیات پنجاب عامر میر نے کہا کہ گزشتہ رات 6 گھنٹے 47 منٹ بارش ہوئی، کلاؤڈ برسٹ ہونے سے مختصر وقت میں 260 ملی میٹر بارش ہوئی، اتنی زیادہ بارش جون کے مہینے میں کبھی ریکارڈ نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2 انڈر پاسز اور تین چار سڑکوں کے علاوہ لاہور کلیئر ہے۔

جبکہ پنجاب کے نگران وزیر ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بیرسٹر اظفر علی ناصر نے کہا ہے کہ 7 گھنٹے سے کم وقت میں 260 ملی میٹر بارش ہوئی۔

آئندہ مون سون بارشوں کیلئے بھی تیار ہیں۔ واضح رہے کہ ملک کے کئی علاقوں میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، پنجاب،کے پی، بلو چستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں سے 12 افراد جاں بحق ،15 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب، اسلام آباد ،خیبر پختونخوا ، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں، آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہاکہ پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا۔پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہوئے، لاہور میں شدید گرمی کے بعد شدید بارش ہوئی جہاں سب سے زیادہ بارش ائیر پورٹ اور اطراف میں ہوئی، بارش اور طوفان سے لاہور کے 150 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے اور متعدد علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی ، گوجرانوالا، شیخو پورہ، نارووال اور سیالکوٹ میں بھی بارش ہوئی۔

بلوچستان کے علاقوں چمن، قلعہ سیف اللہ، موسیٰ خیل، کوہلو،قلات اور جھل مگسی میں بھی شدید بارش ہوئی جب کہ وادی زیارت اور گردونواح میں ڑالہ باری ہوئی اس دوران سیلابی ریلے میں بچہ بہہ گیا۔کوئٹہ میں بھی بارش کے بعد کئی پول گر گئے جس کے نتیجے میں شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ادھر پشاور میں موسلا دھار بارش کے بعد اسٹیڈیم چوک میں پانی جمع ہو گیا، مالاکنڈ،سوات، چارسدہ، لوئر دیر،صوابی، مردان مانسہرہ میں بھی بارش ہوئی، بونیر میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور6 افراد زخمی ہوگئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close