ملتان(پی این آئی) سابق چیف وہپ و وزیرمملکت ملک عامرڈوگر نے کہاہے کہ 9مئی کے واقعات کی بھرپور مذمت اورشہداء پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، میراایمان ہے کہ پاک فوج کے جوان سرحدوں پرراتوں کوجاگتے ہیں توہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ پاک فوج ہے توپاکستان ہے،ملتان کی انتظامیہ میری گواہ ہے کہ میں نے پرامن احتجاج کیا اورکارکنوں کوچیک پوسٹ پرجانے سے روکتارہا۔
انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کومروانے والے فوادچودھری، شیریں مزاری جیسے مہرے تھے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے غلطیاں درغلطیاں کیں ،125ممبران قومی اسمبلی استعفوں کیلئے ہرگزراضی نہ تھے، اسی طرح پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے وقت ممبران اورپرویزالٰہی عمران کی منتیں کرتے رہے اورکہتے رہے کہ الیکشن نہیں ہونگے ہم مارے جائیں گے ،پی ڈی ایم سب کچھ لے جائیگا ہم جیل بھگتے گے مگرفوادچودھری گروپ نے کسی کی نہ چلنے دی۔
عامرڈوگر نے کہاکہ میرے والد اورچچا کا ماضی اداروں کے سامنے ہے،ہمارا خاندان محب وطن محب پاک فوج ہے اورہم سمجھتے ہیں کہ شہداء پاک فوج کاہم پرقرض ہے،وہ توہمارے ماتھے کاجھومر ہے ۔ انہوںنے کہاکہ9مئی کے دن ہم چونگی نمبر9پراحتجاج ختم کرکے گھرجارہے تھے تومیرے سیکرٹری نے بتایاکہ کارکنان کینٹ کی طرف جارہے ہیں وہاں پہنچا سی پی او، آرپی او، ڈپٹی کمشنراورکمشنر صاحبان موقع پر موجود تھے۔
انہوںنے کہاکہ میں نے کارکنان کوچیک پوسٹ کی طرف نہیں جانے دیا اور میں ایک ڈرنک کارنرپربیٹھارہا۔ ملک عامرڈوگر نے کہاکہ اگرآج اسمبلیاں موجودہوتیں تو 9مئی کاواقعہ ہی پیش نہ آتا۔ انہوں نے پنجاب کی بربادی وتباہی کاذمہ دار عثمان بزدار کو قراردیا اورکہاکہ عثمان بزدار انتہائی بے وفاآدمی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بطور رکن قومی اسمبلی میں ہمیشہ ریاست کے ساتھ کھڑارہاہوں اورآئندہ بھی یہی کروںگا۔ سیاسی ومعاشی بدامنی کاواحد حل فوری اورشفاف انتخابات ہیں جس کے بعد ملک جمہوریت کی پٹڑی پر چل پڑے گا اور معیشت بھی بہتر ہو جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں