ن لیگی رہنما کے قافلے میں شامل گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی

سوات ( پی این آئی ) سوات میں ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام کے اسکواڈ کی گاڑی کو حادثہ ، اسکواڈ کی گاڑی بے قابو ہوکرامیر مقام کی گاڑی سے ٹکرا گئی، اسکواڈ کی گاڑی الٹنے سے 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ امیر مقام نے خودگاڑی سے اتر کر امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز شانگلہ میں امیر مقام پر حملے کی کوشش کی گئی تھی، امیر مقام نے کہا ہے کہ انہوں نے خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں غیر مقامی مسلح افراد کی جانب سے ممکنہ حملے کی کوشش کو ناکام بنادیا ہے۔

امیر مقام کا کہنا ہے کہ ہم اپنا دورہ مکمل کرکے بخیریت واپس ہوئے، مقامی افراد نے بتایا کہ مشکوک افراد دیکھے گئے ہیں،2014 میں اسی علاقے میں مجھ پر حملہ ہوا تھا۔ ادھر ادھر ‏وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبرپختونخوا کے رہنما انجینئر امیر مقام پر شانگلہ کے علاقے مارتونگ میں دہشت گردوں کے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ انجینئر امیر مقام حملے میں محفوظ رہے۔ وزیراعظم نے امیر مقام کی خیریت دریافت کی اور یک جہتی کا اظہار کیا اور کوئی جانی نقصان نہ ہونے پر بھی اظہار تشکر کیا۔ وزیراعظم نے انجینئر امیر مقام کے جذبے، بہادری اور ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نوازشریف کے شیر ہیں، آپ کی عوامی، قومی اور پارٹی کے لیے خدمات کو سراہتے ہیں۔ واضح رہے کہ 2014 میں بھی اسی جگہ پر امیر مقام پر خود کش حملہ ہوا تھا۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے امیر مقام پر حملے کی کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سنیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے وزیراعظم کے مشیر اور پارٹی کے خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کو ٹیلی فون کرکے خیریت دریافت کی۔ مریم نواز نے امیر مقام پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں