خوشاب (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی ایک اور اہم وکٹ گرگئی۔ سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ممبر رکن اور قومی اسمبلی حلقہ این اے 94 خوشاب سے ملک احسان اللہ ٹوانہ نے بھی تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق احسان اللہ ٹوانہ نے سوشل میڈیا پر پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا، احسان اللہ ٹوانہ کا کہنا تھا کہ خرابی صحت کی وجہ سے پارٹی کے لیے خدمات سر انجام نہیں دے سکتا،9مئی کے واقعات کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ادھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سرگودھا سے تعلق رکھنے والے پیر فاروق بہاءالحق نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ ایک بیان میں پیر فاروق بہاءالحق نے کہا کہ 9 مئی کو جناح ہاؤس اور شہدا کے مجسموں کو جلانے کے عمل کی مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک افواج ہمارا فخر ہے، تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ کہ تین دن قبل سابق وفاقی وزیر غلام سرور نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا، غلام سرور نے کہا تھا کہ مجھے اور خاندان کو سیاست میں 50 سال ہوگئے ہیں، یادگار شہدا اور جی ایچ کیو، کور کمانڈر ہاوس پر حملہ کرنے والے دشمنی کے مرتکب ہوئے، اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کی بھی مذمت کرتا ہوں۔انہوں ںے کہا کہ شرپسندوں ںے جی ایچ کیو پر حملہ نہیں کیا، کورکمانڈر ہاؤس پہ حملہ نہیں کیا بلکہ انہوں نے پاکستان کے دل پر حملہ کیا، پاکستانیت پر حملہ کیا، میں ان کے تمام ناپاک عزائم اورناپاک اقدام کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، میرا مطالبہ ہے بحیثیتِ ایک محبِ وطن پاکستانی کہ ایسے لوگوں کو قرار واقعی سزادینی چاہیے۔
انہوں ںے مزید کہا کہ جن لوگوں نے اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کی، میں اُس محاذ آرائی کی بھی بھرپور مذمت کرتا ہوں، اور اس محاذ آرائی کی پالیسی سے اختلاف کے سبب میں نے پارٹی کے ہر فورم پر بھی کہا کہ ہمیں محاذ آرائی نہیں کرنی چاہیے، اداروں کے ساتھ لڑائی نہیں کرنی لیکن جو کچھ ہوا، بُرا ہوا اس بنا پر تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں