عام انتخابات کی تیاری: خیبرپختونخوا میں متعددافسران کے تبادلے وتعیناتیاں

پشاور(پی این آئی)خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے 2023کے عام انتخابات سے قبل بڑے پیمانے پر تبادلے کرتے ہوئے درجنوں افسران کی تعیناتیاں کرلیں۔حکومت کی جانب سے گریڈ18، 19 اور 20 کے کل 42 افسران کے تبادلے کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کی نگران حکومت نے عام انتخابات 2023 کی تیاری کے سلسلے میں مختلف محکموں میں کام کرنے والے متعدد افسران کے تبادلے کر دیئے ،اس حوالے سے خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری نے تقرریوں اور تبادلوں کی سمری الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) کو ارسال کر دی جس کے بعد ای سی پی کی جانب سے کے پی حکومت کی بھیجی گئی سمری کی منظوری دے دی گئی ہے ،سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے متعدد افسران کو مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کا چارج لینے کی ہدایت کی گئی ہے،گریڈ18، 19 اور 20 کے کل 42 افسران کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ اہم تبادلوں میں ظفرالاسلام کو کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان لگا دیا گیا ہے- شاہ رخ علی کو کے پی فوڈ اتھارٹی سے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد تعینات کر دیا گیا ہے، کے پی ریونیو اتھارٹی سے آفاق وزیر کو ڈپٹی کمشنر پشاور کی ذمہ داریاں دے دی گئی ہیں۔ اسی طرح واصل خان کو محکمہ سماجی بہبود سے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ مقررکردیاگیاہے جبکہ کاشف قیوم بطورڈپٹی کمشنرمالاکنڈ اپنے فرائض سرانجام دینگے۔

واضح رہے کہ انتخابات سے قبل یہ تبادلے معمول کا عمل ہے اور متعدد حلقوں کی یہی رائے تھی کہ چونکہ موجودہ فیلڈ افسران کو پچھلی حکومت نے تعینات کیا تھا اس لئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو ممکن بنانے کے لئے سیکرٹریٹ کے غیر جانبدار افسران کو فیلڈ میں لگایا جائے اور فیلڈ کے افسران کو سیکرٹریٹ میں لگایا جائے ۔اس سلسلے میں چند دن پہلے سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک مراسلے کے ذریعے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی نگران حکومتوں کو واضح ھدایات جاری کر چکے ہیں-معتمد ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس کے بعد مزید ڈپٹی کمشنر اور تمام اضلاع کے متعدد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنر اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کو تبدیل کیا جائے گا تاکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو ممکن بنایا جاسکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close