اسلام آباد (پی این آئی) عسکری ٹاور حملہ کیس،انسداد دہشت گردی عدالت نے خدیجہ شاہ اور دیگر ملزموں کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں ملوث ملزموں کی ضمانتوں پر محفوظ فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے خدیجہ شاہ اور اعجاز چوہدری سمیت دیگر ملزموں کی درخواست ضمانت خارج کر دی،جج اعجاز احمد نے محفوظ فیصلہ سنایا،عدالت نے اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کی۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کی سپورٹر خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت پر وکلا کو دلائل کے لیے طلب کیا تھا۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ خدیجہ شاہ کا عسکری ٹاور حملہ کیس سے کوئی تعلق نہیں،استدعا ہے کہ ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دیا جائے۔یاد رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے 19 جون کو پولیس کی جانب سے خدیجہ شاہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔قبل ازیں جلاؤ گھیراؤ کرنے کے الزام میں گرفتار خدیجہ شاہ اور کرپشن کے الزامات کے تحت گرفتار سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے آئی جی جیل خانہ جات کو جیل میں بی کلاس کیلئے درخواست دی تھی۔ جیل حکام نے بتایا کہ بی کلاس کے لئے موصول ہونے والی دونوں درخواستیں میرٹ پر ہوئیں تو محکمہ داخلہ کو بھجوائی جائیں گی،محکمہ داخلہ کی منظوری کے بعد سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ جیل حکام نے کہا کہ بی کلاس میں چارپائی،کرسی میز،گھر کا کھانا اور مشقتی فراہم کیا جاتا ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری کی درخواست دہشتگردی کے مقدمہ میں ملوث ہونے کی وجہ سے مسترد کر دی گئی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں