عمران خان ،عثمان بزدارکیخلاف کچھ بھی منفی سننا پسند کیوں نہیں کرتے تھے؟ فردوس عاشق اعوان نے الزامات کی بوچھاڑ کردی

لاہور (پی این آئی) رہنما استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے انکشاف کیا ہے کہ جو عثمان بزدار کو بے نقاب کرتا عمران خان اسے دور کر دیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ عثمان بزدار پر تنقید پی ٹی آئی کو بدنام کرنے کیلیے کی جاتی ہے۔

حقیقت کھلی تو کانوں سے دھواں نکل آیا۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے اس نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کی سزا بھگتی ہے۔ جو عثمان بزدار کو بے نقاب کرتا تھا چیئرمین پی ٹی آئی اسے دور کر دیتے تھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عثمان بزدار سے متعلق منفی بات سننا نہیں چاہتے تھے۔ سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب میں جس وقت تباہی ہوئی اُس وقت ہم حقائق سے لاعلم تھے، رہنما آئی پی پی نے بتایا کہ پنجاب میں ساڑھے 3 سال کے دوران کسی ایک افسر نے اپنی مدت پوری نہیں کی، عثمان بزدار دور میں افسران کے ساتھ ٹائم کی بکنگ ہوتی تھی، ایک افسر نے مجھ سے رابطہ کیا اور بتایا کہ میرے ساتھ انہوں نے سودا کیا تھا، وہ سوداگر فرحت شہزادی کے فرنٹ مین تھے جو ڈیل کرتے تھے۔ ’افسر نے بتایا کہ فرحت شہزادی نے 10 کروڑ میں طے کیا کہ ڈی سی لگواؤں گی۔ افسر نے 10 کروڑ کی قسطیں کرائیں اور پہلی قسط 4 کروڑ کی دی۔ افسر نے بتایا کہ بقیہ قسطیں نہ دے سکا تو میرے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ میں نے اُس افسر سے کہا کہ وزیر اعلیٰ سے رابطہ کریں تو وہ ہنسنے لگ گیا تھا، سامنے سے اُس نے کہا کہ آپ اسی سے دوا کا کہہ رہی ہیں جس کی وجہ سے بیمار ہوا ہوں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عثمان بزدار کو نیب بار بار بلا رہا ہے ان کو اپنی بے گناہی ثابت کرنی چاہیے، انہوں نے کہیں بھی اپنی بے گناہی کے ثبوت پیش نہیں کیے، آنے والے دنوں میں ان کا گٹھ جوڑ خوفناک طریقے سے بے نقاب ہونے والا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close