مئیر کراچی بنتے ہی مرتضیٰ وہاب کا الیکشن لڑنے کا اعلان

کراچی (پی این آئی) مرتضٰی وہاب نے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے اگلے 10 روز میں یوسی چیئرمین کا الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا،انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اور سلمان عبداللہ اعلان کریں گے کہ کس یوسی سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ہم الیکشن لڑنے کیلئے 6 ماہ کا انتظار نہیں کریں گے۔

الیکشن کمیشن سے درخواست کریں گے کہ جلد یونین کمیٹی پر انتخابات کرا دئیے جائیں،جو کہتے ہیں کہ ہم الیکٹڈ نہیں یہ غلط بات ہے۔ مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ ہم نے الیکشن لڑا اور کامیاب ہوئے،یہ غلط بات ہے کوئی کہے کہ ہم منتخب نہیں ہیں،کے ایم سی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے اور ہم تنقید کا جواب کام سے دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ صاف پانی کی فراہمی ہماری پہلی ترجیح ہے،ماضی میں کسی شخص نے پانی کی سپلائی بڑھانے کا نہیں سوچا،کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ وال چاکنگ کا ہے۔ کراچی کی سڑکیں اور دیواریں کسی کی تشہیر کیلئے نہیں ہیں،کسی نے علاج کرنا ہے تو اپنے کلینک میں کرے سڑکوں پر تشہیر نہ کرے۔ سمندری پانی کو میٹھے بنانے کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے،ہم جہاں شہر کی تزئین و آرائش کا کام کریں گے وہیں اس کا خیال رکھیں گے،سب سے بڑا چیلنج یہ ہو گا کہ بارشوں میں کیسے نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔جہاں نئے نالے بنانے کی ضرورت ہے وہاں نالے تعمیر کئے جائیں گے۔ میئر کراچی نے کہا کہ پہلی چیز اس شہر کی عوام کو امید دلانا ہے انکے مسائل حل ہوسکتے ہیں،ہمارے شہر میں کوآرڈینیشن کا فقدان ہے۔ ہم بتانا چاہتے ہیں کہ کس طرح شہر کو آگے لیکر جائیں گے،ان شاء اللہ کام کی نیت کی ہے،سب کو کام نظر آئے گا،اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں