یونان کشتی حادثہ، پاکستانیوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے والا مرکزی کردار گرفتار

اسلام آبا د(پی این آئی ) یونان کشتی حادثہ، لوگوں کو بیرون ملک بھجوانے والا مرکزی کردار کو گرفتار کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق ایف آئی اے حکام نے بتایا ہے کہ ملزم نے فاروق آباد کے رہائشی زاہد اکبر سے بیرون ملک بھجوانے کیلئے 65 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے زاہد اکبرکو لیبیا میں مقیم اپنے ماموں کے پاس بھجوایا تھا جبکہ ملزم طلحہ شاہ زیب کےوالدین اٹلی میں مقیم ہیں۔گزشتہ روز بھی ایف آئی اے نے پاکستانی نوجوانوں کو غیرقانونی طریقے سے یورپ بھیجنے والے ایجنٹ کو کراچی ائیرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم ساجد محمود آذربائیجان فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، ملزم نے متعدد افراد کو لیبیا بھیجا، جس پر تفتیش جاری ہے۔خیال رہے کہ یونان کی سمندری حدود میں چند روز قبل کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں 78 افراد ہلاک ہوئے تھے۔اقوام متحدہ کے مطابق ڈوبنے والی کشتی میں 400 سے 750 افراد سوار تھے، 104 افرادکو بچایا جاسکا اور 78لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ باقی افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ واقعے میں لاپتہ ہونے والے 50 افراد کا تعلق آزاد جموں کشمیر کے مختلف علاقوں سے ہے۔ ڈوبنے والی کشتی میں سے 28 افراد کا تعلق ایک ہی گاؤں سے تھا جن میں سے 14 افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔اس کے علاوہ لاپتہ ہونے والے14 افرادکا تعلق پنجاب کے شہر گوجرانوالا کے مختلف علاقوں سے ہے جن میں بھاکراں والی کے رہائشی 4 دوست بھی شامل ہیں،لاپتہ ہونے والے نوجوانوں کے گھر والے غم سے نڈھال ہیں۔ وزیراعظم نے حادثے پر کل یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے اوراس موقع پر کل قومی پرچم سرنگوں رہےگا، جاں بحق افراد کے لیےخصوصی دعا کی جائےگی۔ وزیر اعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کےخلاف گھیراتنگ کرنے کا حکم دیتے ہوئےگھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈاؤن اور سزا دینےکی بھی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعےمیں جاں بحق افراد اور زخمیوں کی معلومات اور سہولت کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔ چیف سیکٹری آزاد جموں و کشمیر نے بھی پاکستانی سفارتخانے اور یونانی حکام سے رابطے اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی معلومات کے لیے فوکل پرسن تعینات کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close