اسلام آباد (پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی کا عامرمغل کے گھر توڑپھوڑ، چھوٹے بچوں کو گرفتار کرنے کا بیان حقائق کے برعکس ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے ٹویٹر پر چیئرمین پی ٹی آئی کے عامر مغل کے گھر توڑپھوڑ، چھوٹے بچوں کو گرفتار کرنے کے الزام پر وضاحت جاری کی ہے کہ عامر مغل اور اس کے بیٹوں کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج ہے۔پولیس نے عامر مغل کے دوبیٹوں سعد عبداللہ اور حسن عبداللہ کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس نے کسی بچے کو گرفتار نہیں کیا نہ ہی توڑ پھوڑ کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا بیان حقائق کے برعکس ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا بیان عوام کو اشتعال دلانے اور اداروں کے خلاف اکسانے کے مترادف ہے۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ ایسے پراپیگنڈہ کا حصہ نہ بنیں۔اسلام آباد کیپیٹل پولیس قانون کے مطابق فرائض سرانجام دے رہی ہے۔دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق پولیس اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے گزشتہ روز سابق صوبائی وزیرشہرام ترکئی کے گھر چھاپہ مارا۔ پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر شہرام ترکئی کی پشاور میں موجود رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا اور اس دوران 2 للژری گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے وقت شہرام ترکئی گھر میں موجود نہیں تھے اور اس دوران کوئی گرفتاری بھی عمل میں نہیں آئی ۔
ایک بیان میں شہرام ترکئی نے کہا کہ بغیر کسی سرچ وارنٹ کے گھر کی تلاشی لی گئی۔اس سے قبل گزشتہ رات صوابی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے گھر پر ایکسائز حکام نے پولیس کے ہمراہ چھاپہ مارا جس دوران غیر رجسٹرڈ گاڑیاں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔اسد قیصر نے کارروائی کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں