والد کی میڈیکل رپورٹس منگوانے پر پروفیسر بلال کو عہدہ سے ہٹا دیا گیا: مونس کا دعوی

لاہور(آئی این پی)سابق وزیراعلی پنجاب و پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الہی کے بیٹے مونس الہی نے دعوی کیا ہے کہ والد کی رپورٹس منگوانے پر پروفیسر بلال محی الدین کو عہدہ سے ہٹا دیا گیا۔اپنی ٹوئٹ میں مونس الہی کا کہنا تھاکہ میرے والد کی طبیعت خراب ہوئی تو جیل انتظامیہ ان کو پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لائی، پروفیسر بلال محی الدین نے میری والدہ کو فون کیا اور کہا میڈیکل ریکارڈ لے آئیں تاکہ ہم اس کو دیکھ کر علاج کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کی وابستگی شاید کسی بھی سیاسی جماعت سے نہ ہو، بلال محی الدین نے بطور ڈاکٹر میری والدہ سے ریکارڈ منگوایا۔مونس الہی نے دعوی کیا کہ آج پتہ چلا پروفیسر بلال محی الدین کو عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے، ایک مریض کے خاندان سے میڈیکل ریکارڈ منگوانے کی اتنی بڑی سزا کا کوئی جواز نہیں بنتا۔خیال رہے کہ یکم جون کو چوہدری پرویز الہی کو لاہور میں ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا، پرویز الہی کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا۔ان دنوں وہ لاہور کی جیل میں قید ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close