چئیرمین نادرا کون ہو گا؟ اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت نے اسد رحمان گیلانی کو چیئرمین نادرا کا اضافی چارج دے دیا ہے۔ اسد رحمان گیلانی نئے چیئرمین کی تعیناتی تک بطور قائمقام چیئرمین کام کریں گے۔ اسد رحمان گیلانی نے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔ اسد رحمان گیلانی کا کہنا ہے کہ نادرا ملازمین عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔

اعلامیہ نادرا کے مطابق اسد رحمان گیلانی نے چیئرمین نادرا کے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور نادرا ہیڈکوارٹرز میں پہلے دن اپنے فرائض منصبی انجام دئیے۔ چیئرمین نادرا نے تمام ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی معمول کی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری رکھیں اور عوام کو نادرا خدمات اور سہولیات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں۔ چیئرمین نادرا نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو نادرا خدمات کی فراہمی میں بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس سلسلے میں وہ علاقائی دفاتر کی سرگرمیوں کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کے لئے بہت جلد نادرا ریجنل ہیڈ آفسز کے دورے کریں گے۔ انہوں نے نادرا کے تمام شعبوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ شناختی کارڈ کی پرنٹنگ کے سلسلے میں بیک لاگ کو جلد از جلد ختم کرنے کے لئے ہفتہ اور اتوار کے دن بھی دفتری سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔ یاد رہے 14 جون کو حکومت کی جانب سے نادرا میں چیئرمین شپ کا عہدہ خالی ہونے کے باعث فوری طور پر قائمقام چیئرمین تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔اے آروائی نیوز کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری احسان مانی، ذوالفقار احمد اور میر علی بھی قائمقام چیئرمین کی فہرست میں شامل تھے۔ بتایا گیا تھا کہ قائمقام چیئرمین کی تعیناتی 60 روز کے لئے ہوتی ہے جس کے بعد نیا چیئرمین تعینات ہونا لازمی ہوتا ہے۔ قانون کے مطابق 60 روز کے اندر نیا چیئرمین تعینات کرنا ہوتا ہے۔ نئے چیئرمین نادرا کی تعیناتی بذریعہ اشتہار ہوگی۔ دوسری جانب چیئرمین نادرا کی تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ نے نئے ناموں پر غور شروع کر دیا۔ نئے چیئرمین نادرا کیلئے عثمان مبین کا نام زیر غور ہے،عثمان مبین پہلے بھی نادرا کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔

ڈی جی نادرا اسلام آباد ذوالفقار احمد اور میر عالم کا نام بھی فہرست میں شامل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close