مئیر کراچی منتخب ہوتے ہی مرتضیٰ وہاب نے حافظ نعیم الرحمٰن کو بڑی پیشکش کر دی

کراچی (پی این آئی) نومنتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے حافظ نعیم الرحمٰن کو مل کر کام کرنے کی دعوت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق نومنتخب میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی کا بیانیہ لیکر چلے جس سے اتنے لوگ منتخب ہوئے،یہ کامیابی پیپلز پارٹی کی کارکردگی کا ثمر ہے۔ کراچی سب کا ہے۔

تمام سیاسی کارکنوں پر عوامی خدمت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ آئیے مل کر کراچی کے ماسٹر پلان پر کام کریں،کراچی والوں کے مسائل حل کر کے دکھائیں گے۔ دوسری جانب میئر کراچی کے انتخاب سے متعلق جماعت اسلامی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا کہ اتحادی جماعت پی ٹی آئی کے 29 ارکان کو اغوا کر کے ووٹ ڈالنے سے روکا گیا،اس فراڈ عمل کو الیکشن کمیشن کالعدم قرار دے۔الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا۔جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کا نیا شیڈول جاری کیا جائے اور میئر کے الیکشن میں تمام منتخب نمائندوں کی حاضری یقینی بنائی جائے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ بے رحمی سے حقیقی مینڈیٹ کا قتل کیا گیا،یہ عوامی مینڈیٹ کے ساتھ دھوکہ اور قبضہ ہے۔ یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہو گئے ہیں،کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے لیے انتخابی عمل مکمل ہو گیا۔انتخاب کا عمل صبح 11 بجے شروع ہوا،پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کے مابین سخت مقابلہ ہوا۔333 اراکین پولنگ اسٹیشن آرٹس کونسل پہنچے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق 33 اراکین غیر حاضر رہے،غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق میئر کراچی کے انتخاب کے لیے مرتضیٰ وہاب کو 173 ووٹ ملے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close