اسلام آباد (پی این آئی) چیئرمین نادرا کی تعیناتی کیلئے وزارت داخلہ نے نئے ناموں پر غور شروع کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے چیئرمین نادرا کیلئے عثمان مبین کا نام زیر غور ہے،عثمان مبین پہلے بھی نادرا کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔ ڈی جی نادرا اسلام آباد ذوالفقار احمد اور میر عالم کا نام بھی فہرست میں شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی نادرا بلوچستان میر عالم چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان کے بھائی ہیں،نئے چیئرمین کی تعیناتی آئندہ چند روز تک متوقع ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز طارق ملک بطور چیئرمین نادرا مستعفی ہو گئے تھے،طارق ملک نے چیئرمین نادرا کے عہدے سے استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں دیا تھا،وزیراعظم نے چیئرمین نادرا طارق ملک کا استعفیٰ منظور کیا،جبکہ استعفٰی کے بعد طارق ملک کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا تھا۔ ایف آئی اے نے طارق ملک کے بیرون ملک جانے پر عارضی پابندی عائد کی،طارق ملک کے خلاف نیب اور ایف آئی اے میں تحقیقات جاری ہیں۔
طارق ملک کے خلاف 5 معاملات میں تحقیقات جاری ہیں،ایف آئی اے اور نیب مختلف کیسز میں تحقیقات کر رہی ہے۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے بھی چیئرمین نادرا سے متعلق بات کی تھی،انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیئرمین پی سی بی اور چیئرمین نادرا کے عہدے کیلئے دو سیاسی جماعتوں میں رسہ کشی جاری ہے،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن چیئرمین پی سی بی اور چیئرمین نادرا کے عہدوں کیلئے لڑ رہی ہیں،جبکہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے چیئرمین نادرا کے استعفٰی سے متعلق کہا تھا کہ طارق ملک کو ملازمت کا بہتر موقع مل رہا ہے،چیئرمین نادرا پر استعفے کیلئے کوئی دباؤ نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں