اسلام آباد(پی این آئی) وزیر دفاع خواجہ آصف سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا الیکشن ہوں گے جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جی ضرور ہوں گے۔
صحافی نے سوال کیا کہ ن لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی میں اختلافات میں کیا صداقت ہے۔خواجہ آصف نے دونوں جماعتوں میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی خبر نہیں۔چئیرمین نادرا کے استعفیٰ سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ یہ سلسلہ عرصے سے چل رہا تھا کل ڈراپ سین ہوا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔طارق ملک نے کہا کہ اپنی اسی سوچ کے تحت انہوں نے نادرا کی قیادت کی ذمہ داری سنبھالی اور اپنے دو سالہ قیام کے دوران 45 سے زائد جدت آمیز خدمات اور سہولیات متعارف کرائیں جن کا مقصد بچوں، نوجوانوں اور پارلیمان کو مضبوط بنانا، شہریوں کی بھرپور سہولت یقینی بنانا اور ٹیکنالوجی کو ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے استعمال میں لانا ہے۔
طارق ملک نے کہا کہ وہ خود کو اس لحاظ سے خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہیں کبھی ملازمت کی تلاش نہیں رہی بلکہ اپنے جذبہ تعمیر کے تحت بچوں، نوجوانوں اور پارلیمان کو مضبوط بنانے کے مشن کو آگے بڑھانے کے مواقع ہمیشہ ملتے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ نے حال ہی میں انہیں پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب پر تیار کی جانے والی ‘نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ 2023’ کی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے جو نہ صرف ان کے لئے اعزاز ہے بلکہ انہیں اپنے اس مشن کو آگے بڑھانے کا ایک شاندار موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ علاوہ ازیں اقوامِ متحدہ کے پلیٹ فارم سے پائیدار ترقی کے عالمی مقاصد (SDGs) کی سرگرمیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے وہ پاکستان میں پارلیمان کو مضبوط بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے جبکہ زندگی ٹرسٹ کے ذریعے وہ ملک میں بچوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں