لاہور (پی این آئی) پارٹی کا نام چوری کرنے پر جہانگیر ترین کی پارٹی کو لیگل نوٹس مل گیا۔ استحکام پاکستان تحریک نے جہانگیر ترین کی پارٹی کو لیگل نوٹس بھجوا دیا۔
لیگل نوٹس استحکام پاکستان تحریک کے صدراحمد کلیم کی جانب سے بھجوایا گیا۔نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ استحکام پاکستان تحریک ایک پارٹی نہیں بلکہ ایک نظرئیہ ہے جس کا بنیادی نعرہ مستحکم پاکستان ہے۔ استحکام پاکستان تحریک 17 مئی 2022 کو رجسٹرڈ ہوئی۔بھجوائے گئے لیگل نوٹس میں جہانگیر ترین اور علیم خان کو 7 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ سات دنوں میں اپنی پارٹی کا کوئی اور نام تجویز کریں جو ان کے ذاتی نظرئیے سے مطابقت رکھنا ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما جہانگیر خان ترین نے تعمیر، ترقی اور خوشحالی کے نعروں کے ساتھ اپنی نئی سیاسی جماعت ”استحکام پاکستان پارٹی‘‘ کی بنیاد رکھی تھی۔ ۔ پی ٹی آئی چھوڑنے والے بیشتر رہنماوں نے اس جماعت میں شمولیت کا اعلان کیا ۔اس جماعت کی تعارفی تقریب کے لیے پاکستانی پرچم کے رنگوں والا ایک دعوت نامہ جاری کیا گیا تھا، جس پر یہ عبارت تحریر تھی۔
”جہانگیر خان ترین ایک مستحکم و خوشحال پاکستان کی تعمیر کے سفر میں ہم آپ کو تہہ دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ ‘‘ اس پارٹی کی افتتاحی تقریب میں سابق پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس، عمران اسمعیل، علی زیدی، عامر کیانی، فردوس عاشق اعوان، محمود مولوی، فیاض الحسن چوہان، مراد راس، نعمان لنگڑیال، رفاقت علی گیلانی، جلیل شرقپوری اور جے پرکاش سمیت پچاس سے زائد سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور چھوٹے بڑے علاقائی رہنما بھی موجود تھے۔ استحکام پاکستان پارٹی نے آئندہ انتخابات میں بھرپورشرکت اورفوری طور پرصوبوں اورضلعی سطح پر پارٹی کی تنظیم سازی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں