مئیر کراچی کا انتخاب، پی ٹی آئی چئیرمینز کا اچانک یوٹرن، جماعت اسلامی کو بڑا جھٹکا لگ گیا

کراچی (پی این آئی) پی ٹی آئی یو سی چیئرمینز نے میئرکراچی کیلئے جماعت اسلامی کےامیدوارکو ووٹ نہ دینے کااعلان کر دیا۔ یوسی چیئرمینز نے کہا ہے کہ کراچی کے زمینی حقائق ہم جانتے ہیں، میئر کراچی کے انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

 

 

 

 

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ ہم پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے عہدیداران سے ناراض ہیں ، کراچی کی مقامی قیادت نے مشاورت کئے بغیر فیصلے کئے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی مقامی قیادت کے کسی فیصلے کو نہیں مانتے، جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کے مخصوص نشستوں پراپنے لوگوں کو منتخب کروایا،کراچی کے زمینی حقائق ہم جانتے ہیں، میئر کراچی کے انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔ پی ٹی آئی کے نومنتخب یوسی چیئرمینز نے اپیل کی ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف ہم سے بذریعہ زوم میٹنگ کریں۔تحریک انصاف کے یوسی چیئرمینز نے کہا جماعت اسلامی نے موجودہ حالات سے فائدہ اٹھایا ہے، ہم کسی قسم کے دبائو میں ہیں نہ ہی کسی کے دباؤ میں آئیں گے، ہم منتخب نمائندے ہیں آزادانہ فیصلے کرنے کا حق رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے میئر کراچی کے الیکشن کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔

 

 

 

چیئرمینز اور کونسلرز کے نام خط میں صوبائی صدر تحریک انصاف نے حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پارٹی پالیسی کے مطابق ووٹ نہ دینے پر چیئرمینز کےخلاف کارروائی ہوگی اور انہیں ڈی سیٹ کیا جائے گا۔خیال رہے کہ 15 جون کو میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کا انتخاب ہوگا۔ جماعتِ اسلامی کی طرف سے کراچی کی میئر شپ کیلئے حافظ نعیم الرحمٰن امیدوار ہیں، جن کے کاغذاتِ نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کر لیے گئے۔ جماعت اسلامی کے میئر کے دیگر امیدواروں سیف الدین اور جنید مکاتی کے بھی کاغذاتِ نامزدگی منظور ہوگئے۔ جماعتِ اسلامی کے ڈپٹی میئر کے امیدوار قاضی سید صدر الدین اور سیف الدین کے کاغذاتِ نامزدگی بھی منظور کر لیے گئے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کراچی کے میئر کے امیدوار ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں