آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہوا تو۔۔۔ وزیراعظم نے آئندہ حکمت عملی بتا دی

اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ اگر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ نہ ہوا تو قوم کو اعتماد میں لیں گے۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا امید ہے کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ اسی ماہ ہو جائے گا۔

اگر اس میں تاخیر ہوئی تو قوم کو اعتماد میں لیں گے، اللہ نے اس ملک کو بڑے وسائل سے نوازا ہے، کوئی گھبرانے کی بات نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا 2018 میں آنے والی فسطائی حکومت نے تمام منصوبے ٹھپ کر دیئے تھے، سی پیک کے تمام منصوبے ختم کر دیئے گئے، گزشتہ حاکم کے پاس ایک ہی کام تھا کہ کس طرح اپوزیشن کو دیوار سے لگائے، اگر وہ محنت کرتا تو آج پاکستان کی معیشت کا یہ حال نہ ہوتا،(ن )لیگ نے جب اپریل 2022 میں اقتدار سنبھالا تو پچھلی حکومت آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑ چکی تھی۔شہباز شریف کا کہنا تھا 9 مئی کا واقعہ کسی دشمن کی دشمنی سے کم نہیں تھا، جن لوگوں نے ایک شخص کے اکسانے پر اتنا بڑا فساد کیا یہ تو دشمن بھی پاکستان کے ساتھ نہ کر سکا، 9 مئی کے واقعات پر قانون اپنا راستہ لے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں