اسلام آباد (پی این آی) وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی سے الیکشن کاکوئی تعلق نہیں، 190پاؤنڈ کے القادر ٹرسٹ کیس میں نااہلی سے بچنا بہت مشکل ہے، حکومتی جماعتوں نے کبھی الیکشن نہ کرانے کی بات نہیں کی۔
بجٹ میں انتخابات کیلئے رقم بھی مختص کردی ہے۔انہوں نےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، اسمبلیوں کی معیاد اگست تک ہے، اگست میں نگران حکومت آجائے گی، انتخابات کیلئے بجٹ میں پیسے بھی مختص کردیئے گئے ہیں۔ زرداری صاحب تبھی الیکشن چاہیں گے جب آئین کہتا ہے، وہ آئین کے مطابق چلتے ہیں، پیپلزپارٹی نے کبھی الیکشن بڑھانے کی بات نہیں کی، اسی طرح جے یوآئی ف اور مسلم لیگ ن نے بھی کبھی الیکشن نہ کرانے کی بات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ میں نااہلی سے بچنا بہت مشکل ہے، عمران خان کا نااہل ہونا اور ان پر جرم ثابت ہونا یہ قانونی کاروائی پر منحصر ہے، اگر جرم نہیں کیا تو سزا نہیں ہوگی۔چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں، اگر کرپشن کی ہے تو وہ سامنے آرہی ہے، 9مئی کے واقعات پر اب ان کو کس نے کہا تھا وہاں جائیں املاک کو جلائیں، تمام شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔میرے خیال میں القادر ٹرسٹ کے کیس کو تفتیش اور عدالت کے ذریعے آگے بڑھنا چاہیے، میں نے اس کاغذ کو اپنی نظروں سے دیکھا ہے، جس میں ملک ریاض کے راز چھپائے گئے۔ 190ملین پاؤنڈ جو کہ خزانے میں آنے تھے، وہ کسی اور کو مل گئے۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی سے بات کرنے میں حرج کیا ہے؟ بات کے دروازے کھلے ہوئے ہیں، لیکن پچھلے دور میں ایک روایت بن گئی کہ کسی سے بات نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تاریخ ساز بجٹ پیش کیا ہے، بجٹ میں سیٹھ کیلئے کوئی مراعات نہیں ہیں۔
ڈیفالٹ کرنے والوں کو سوچنا چاہیئے کہ پاکستان ابھی تک ڈیفالٹ نہیں ہوا، ہماری ایکسپورٹ پچھلے کچھ مہینوں میں زیادہ ہیں، پاکستان میں روس کے تیل کے کارگو آنے سے 20 فیصد تیل سستا ہوجائے گا، حکومت روس سے 20 فیصد سستا تیل خرید رہی ہے، حکومت اس فائدے کے اثرات عوام تک بھی پہنچائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں