ن لیگ نے عام انتخابات کی بھرپور تیاریوں کا فیصلہ کرلیا

لاہور (پی این آئی ) ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں کرتے ہوئے مسلم لیگ ن نے بھرپور انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وزیراعظم شہبازشریف سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ملاقات میں انہوں نے پارٹی قائد نوازشریف کا اہم پیغام پہنچایا، اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز بھی موجود تھے۔

ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن نے انتخابی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں قائد ن لیگ نوازشریف نے انتخابات کے لیے منشور کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی ہے، نوازشریف نے پارٹی کی سینئر لیڈر شپ سے کہا ہے کہ الیکشن کےلیے پارٹی کا بیانیہ نوجوانوں کو مدنظر رکھ کر بنایا جائے، نوجوانوں کیلئے آسان قرضے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا لائحہ عمل بیانیے میں شامل کیا جائے اور ملک کو نقصان پہنچانے والی ایک سیاسی جماعت کی پالیسیوں کو خاص طور پر عوام کے سامنے رکھا جائے۔معلوم ہوا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز آج شجاع آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کریں گی، جلسہ شجاع آباد کے فٹبال گراؤنڈ میں ہوگا جس کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، مریم نواز اپنے خطاب میں ملکی معاملات اور سیاسی صورتِ حال پر بات کریں گی۔ اس حوالے سے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف آج شجاع آباد جائیں گی جہاں وہ یوتھ کنونشن سے خطاب کریں گی، اس موقع پر سیاسی شخصیات مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان گی۔

پارٹی کے تنظیمی عہدیداروں، سوشل میدیا، خواتین اور دیگر ونگز کے اجلاس بھی ہوں گے، مشاورت کی روشنی میں شجاع آباد، ملتان، بہاولپور سمیت جنوبی پنجاب کے تمام حصوں میں پارٹی کو اور بھی متحرک کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close