میری بات مانی ہوتی تو آج اس حال میں نہ ہوتے، راجہ ریاض ایک بار پھر عمران خان پر برس پڑے

اسلام آباد (پی این آئی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے خود کش حملہ کرکے پارٹی تباہ کردی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا کہ اسمبلیاں نہ توڑیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے ہماری بات مانی ہوتی تو آج پی ٹی آئی کا یہ حال نہ ہوتا۔

چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں راجا ریاض نے کہا کہ 3 سال پہلے چیئرمین پی ٹی آئی سے اختلاف کیا اور جہانگیر ترین کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ثبوت دیے کہ عثمان بزدار اور فرح گوگی کرپشن کر رہے ہیں۔ قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ عثمان بزدار اور فرح گوگی کے خلاف جو کچھ چیئرمین پی ٹی آئی سے کہا وہ سچ ثابت ہو رہا ہے۔ دوسری جانب ،وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ عام انتخابات 10 نومبر کرانے کی پلاننگ ہے، الیکشن کے حوالے سے فیصلہ پی ڈی ایم کے سربراہان نے مل کر کرنا ہے لیکن یہ فیصلہ آئینی ہوگا۔ گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اسمبلی خود تحلیل ہوتی ہے تو الیکشن کے لئے ساٹھ دن ہوں گے اور اگر وزیر اعظم ایک دن پہلے بھی اسمبلی توڑ دیں تو پھر 90 دن بنتے ہیں جب کہ 90 روز کے حساب سے 10 نومبر کی تاریخ بنتی ہے اور ابھی تک تو ہماری 10 نومبر کی پلاننگ ہے، یہی وجہ ہے کہ الیکشن کیلئے رقم اس بجٹ میں موجود ہے، اب رقم اور سکیورٹی وسائل موجود ہیں، ہم الیکشن کی تیاری میں جا چکے ہیں اس کیلئے وسائل بھی فراہم کر دئیے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدہ میں رکاوٹ جیو پالیٹکس ہے، عمران خان کے امریکہ مخالف بیانات کی وجہ سے آئی ایم ایف معاہدہ نہیں ہو رہا، گزشتہ حکومت کی وعدہ خلافیوں کی وجہ سے کوئی پاکستان پر اعتماد کیلئے تیار نہیں، امریکہ اور مغربی افواج افغانستان سے انخلا کر گئی ہیں، اب ان کے براہ راست مفادات خطے میں نہیں ہیں، جس سے ہماری خارجہ پالیسی بھی تبدیل ہوئی، مزید خرابی تب آئی جب اس وقت کی حکومت نے کہا کہ افغانستان نے غلامی کی زنجیریں توڑ دیں، اس جملے نے بھی پاکستان کی فارن پالیسی تبدیل کی۔ خرم دستگیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے پاکستان کے قرضے میں 90 فیصد اضافہ کیا، تحریک انصاف حکومت کے قرضوں سے ملکی وسائل سکڑ گئے، پہلے 2019 میں بھیانک معاہدہ کیا اور پھر 2021 میں بھیانک طریقے سے معاہدہ توڑ دیا، گزشتہ حکومت نے سی پیک کو روکا اور منصوبوں پر کوئی کام نہیں ہوا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خارجہ پالیسی میں بگاڑ پیدا کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close