پاکستان ریلوے کی ہزاروں ایکڑ زمین پر قبضہ ہونے کا انکشاف

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان ریلوے کے سیکریٹری سید مظہر علی شاہ نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کو بتایا ہے کہ پاکستان ریلوے کے عملے کی ملی بھگت سے عوام نے ریلوے کی 14ہزار ایکڑ سے زائد اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری طور پر ریلوے میں سرمایہ کاری نہ کی گئی تو یہ ادارہ زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکے گا۔

سید مظہر علی شاہ نے پی اے سی کو بتایا کہ لوگوں نے ریلوے کی جس اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے اس میں زرعی، تجارتی اور رہائشی زمین شامل ہے۔ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔مستقبل میں اس ادارے کو قائم رکھنے کے لیے 11ہزار 880کلومیٹر پرانی پٹڑیوں میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اجلاس میں بتایا کہ پاکستان ریلوے کی 45فیصد آمدنی پنشن کی ادائیگی میں چلی جاتی ہے۔ ریلوے میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمت 28ارب روپے جبکہ بجلی کی قیمت 4ارب روپے ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ مزید وقت ضائع کرنے کی بجائے ٹرینوں کو الیکٹرانک ٹرینوں میں اپ گریڈ کیا جائے ورنہ لاگت مزید بڑھتی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close