اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی حکومت نے ’10بلین ٹری سونامی پراجیکٹ‘ نئے نام سے دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس منصوبے کا نیا نام ’گرین پاکستان پروگرام‘ ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر125ارب روپے لاگت آئے گی، جس میں سے صرف 3.8ارب روپے آئندہ مالی سال کے دوران منصوبے پر خرچ کیے جائیں گے۔رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ 2015ء میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے شروع کیا گیا تھا اور اسے ’بلین ٹری سونامی‘ کا نام دیا گیا تھا۔
2018ء میں صوبے میں اس پراجیکٹ کا ٹارگٹ مکمل ہو گیا اور 2019ء میں اسے قومی سطح پر ’10بلین ٹری سونامی‘ کے نام سے دوبارہ شروع کر دیا گیا تھا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے 2023ء تک اس منصوبے کے تحت 3ارب 20کروڑ درخت لگانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ جبکہ دوبارہ حکومت میں آنے کی صورت میں 2028ء تک یہ تعداد 10ارب تک لیجانے کا منصوبہ تھا۔ اب اتحادی حکومت نے اس پروگرام کو نئے نام سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں