دبئی میں چھٹیاں گزارنے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر آگئی

دبئی(پی این آئی) دبئی حکومت کی طرف سے موسم گرما میں پاکستانی سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے نئی مہم کا آغاز کر دیا۔ دبئی کے محکمہ اکانومی اینڈ ٹورازم (ڈی ای ٹی) کی طرف سے پاکستانی سیاحوں کے لیے شروع کی گئی اس مہم کو ’چلو دبئی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس مہم میں پہلی بار اردو زبان میں فنکاروں کی ویڈیوز جاری کی جائیں گی جو پاکستانیوں کو دبئی آنے کی ترغیب دیتے نظر آئیں گے۔

رپورٹ کے مطابق ان ویڈیوز میں پاکستانی سیاحوں کو بتانے کی کوشش کی جائے گی کہ دبئی چھٹیاں گزارنے کے لیے ایک فیملی جگہ ہے جہاں بے شمار بین الاقوامی معیار کے حامل پرکشش سیاحتی مقامات ہیں اور اِن ڈور اور آؤٹ ڈور تفریح کے بھرپور مواقع ہیں۔ وڈیوز میں شہر کے منفرد تجربات کو دکھایا جائے گا اور سیاحتی مقامات پر فیملی ماحول کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ فیملی سمیت سیاحت کے لیے آنے والے پاکستانیوں کو اپنی طرف راغب کیا جا سکے۔ اس تشہیری مہم میں دی فاؤنٹین، ایٹ دی ٹاپ برج خلیفہ، لیگولینڈ دبئی پارک، عجائب گھر، اے وائی اے یونیورس اور سکائی ویوز آبزرویٹر سمیت درجنوں مقامات دکھائے جائیں گے۔ دبئی کے محکمہ اکانومی اینڈ ٹورازم کے سربراہ برائے جنوبی ایشیاءبدر علی حبیب کا کہنا تھا تھا کہ ”پہلی بار یہ مہم اردو زبان میں شروع کی گئی ہے جس کے ذریعے ہم دبئی کو فیملی کے لیے چھٹیاں گزارنے کے بہترین مقام کے طور پر دکھانے کی کوشش کریں گے۔ اس مہم میں فیملیز کو یہ بتانے کی کوشش کی جائے گی کہ ان کے بچے دنیا کے معروف ہوٹلوں میں اعزازی طور پر قیام و طعام سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ ان میں اٹلانٹکس دی پام، ایڈریس سکائی ویو اور شیریٹن دبئی کریک اور دیگر ہوٹلز اور ریزارٹس شامل ہیں۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close