توشہ خانہ فراڈ کامقدمہ، عمران خان کو عدالت سے ریلیف مل گیا

لاہور(پی این آئی) لاہور ہائی کورٹ نے توشہ خانہ فراڈ کے مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت اکیس جون تک منظور کرلی۔چیئرمین تحریک انصاف لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امجد رفیق کی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ کل عمران خان کو گیارہ مقدمات میں اسلام آباد میں پیش ہونا ہے، عدالت ہمیں حفاظتی ضمانت زیادہ وقت کے لیے دے۔ حفاظتی ضمانت ملنے کے بعد عمران خان لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہو گئے۔ توشہ خانہ گھڑی کی جعلی رسیدیں دینے کے الزام میں چیئرمین تحریک انصاف اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف فراڈ اور نو سربازی کا مقدمہ درج کیا گیاتھا۔ مقدمہ تاجر نسیم الحق کی جانب سے تھانہ کوہسار میں درج کرایا گیا۔ مقدمے میں شہزاد اکبر،زلفی بخاری اور فرح خان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں فراڈ،نوسربازی اور ہیرا پھیری کی دفعات شامل ہیں۔ ملزمان پر گھڑی کی فروخت کے معاملے میں جعلی رسیدیں تیار کرنے کا الزام ہے۔ مقدمے میں کہا گیا کہ دستاویز پر جعلی دستخط کیے گئے اور دستاویز کی تحقیقات بھی کرائی گئیں۔ گھڑی کی خرید و فروخت کے حوالے سے ٹرانزیکشن بھی نہیں ہوئی۔

ملزمان نے واضح طور پر فراڈ اور جعلی دستاویزات بنائے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے توشہ خانہ کیس میں نااہلی اور چیئرمین پی ٹی آئی کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کیلئے الیکشن کمیشن کی کارروائی کیخلاف دائر درخواستوں پر فریقین کے وکلا کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کی،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کیس کو کنفیوز نہ کریں اس کیس کی کارروائی کہیں انڈر چیلنج نہیں ہے۔ اسلام آباد میں کریمنل نوعیت کی کیس میں کارروائی ہو رہی ہے ،ہم اس کیس کو سنیں گے آپ لوگ دلائل دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں