پی ٹی آئی چھوڑنے والاگروپ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا، 3ارکان کا ہاشم ڈوگر اور مراد راس گروپ کو چھوڑ کر کس گروپ میں جانے کا فیصلہ؟ بڑی خبر آگئی

لاہور(پی این آئی) تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والا ایک گروپ خود ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا، ہاشم ڈوگر اور مراد راس گروپ کو 3 ارکان نے خیر باد کہہ دیا، جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین گروپ کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی ۔

کرنل (ر) ہاشم ڈوگر اور مراد راس گروپ کو تین ارکان نے خیر باد کہہ دیا۔سابق اراکین اسمبلی راجہ یاور کمال، مامون تارڑ اور رائے اسلم نے جہانگیر ترین سے ملاقات میں اعتمادکا اظہار کرتے ہوئے ہاشم ڈوگر اور مراد راس گروپ کو چھوڑ نے کا اعلان کیا ۔ جہانگیر ترین نے راجہ یاور کمال، مامون تارڑ اور رائے اسلم کو اپنے گروپ میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا ۔ اس موقع پر عون چوہدری، ملک نعمان لنگڑیال اور امیر حیدر سانگھا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔دوسری جانب وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان کو کہنا چاہتا ہوں کہ آج بھی انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے، میں اس تحریک کا حصہ ہوں، جو ایک خوددار، خودمختاراور حقیقی طور پر آزاد پاکستان دیکھنا چاہتی ہے۔کل عمران خان کی خدمت میں حاضر ہوں گا اور ملاقات کروں گا، قید تنہائی میں ایک مہینہ گزرا، اپنا تجزیہ عمران خان کی خدمت میں پیش کروں گا، اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے قید تنہائی میں مجھے وقت گزارنے کا اللہ نے حوصلہ اور ہمت دی۔میری بیٹی اور وکلاء ملاقات کیلئے آتے ان سے مجھے لوگوں کے پیغام ملتے تھے۔

ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وکلاء کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے کیس کی پیروی کی۔ مجھے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے کہنے پر تھری ایم پی او کے تحت دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ جیل میں ایک قیدی عوام کو کیسے اکسا سکتا ہے۔ میں قید تنہائی میں عوام کو کیسے اکسا سکتا تھا؟ ہم اس کو چیلنج کیا اور نظر بندی کو کالعدم قرارد یا گیا۔میں اپنی فیملی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جب عمران خان کی گرفتاری کا سن کر کراچی سے روانہ ہوا تو میری اہلیہ بیمار تھی اور بچے پریشان تھے، میں نے ان کو بتایا کہ میری ذمہ داریاں اس نوعیت کی ہیں کہ مجھے جانا پڑے گا۔ میرے بچوں نے بڑا ساتھ دیا۔ آج مشکل وقت ہے، حوصلے میں رہیں ہمت نہ ہاریں، ہر غروب کے بعد ایک طلوع ہوتی ہے۔ جیلوں میں بے پناہ لوگ ایسے ہیں جو بالکل بے گناہ ہیں۔ میں اپنی لیگل ٹیم سے مشاورت کرکے ان کی رہائی کیلئے کام اقدامات کریں گے۔ اس سے قبل وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو عدالتی احکامات پر اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی کی رہائی کے احکامات لاہور ہائیکورٹ پنڈی بنچ نے جاری کئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close