لاہور (پی این آئی) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پرویز الٰہی کے بیٹےاور 2 بہوؤں کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی۔
ایف آئی اے نےاپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کےچپڑاسی قیصر بھٹی نے کرپشن سے پیسہ کمایا جس کے تانے بانے راسخ الٰہی، زارا الٰہی اور تحریم الٰہی سے ملتے ہیں، قیصر اقبال بھٹی نے مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کےساتھ 2کروڑ 70 لاکھ، راسخ الٰہی کی اہلیہ کے ساتھ 8 کروڑ 30 لاکھ اور مجموعی طور پر 12 کروڑ 98 لاکھ روپےکی ناقابل وضاحت ٹرانزیکشز کیں، چپراسی قیصر اقبال بھٹی 17 کروڑ 50 لاکھ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز میں ملوث پایا گیا، بینک ریکارڈکے مطابق قیصر بھٹی کے اکاؤنٹس کا ٹرن اوور 81 کروڑ 10 لاکھ پاکستانی روپے اور 4ہزار یورو ہے، قیصر اقبال بھٹی کے اکاؤنٹس سے 32کروڑ50لاکھ روپے کی رقم چوہدری خاندان کو منتقل ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن حکام نے ایف آئی اے کو تحریری طور پرآگاہ کیا کہ پنجاب اسمبلی کے چپراسی قیصر اقبال بھٹی کے اثاثہ جات ان کی آمدن سے زائد ہیں، قیصر اقبال بھٹی نے 11 افراد اور 3 کمپنیوں کے ساتھ ایسی ٹرانزیکشنز کیں جن کی کوئی وضاحت موجود نہیں۔ واضح رہے کہ پرویز الٰہی کے بیٹے راسخ الٰہی، ان کی اہلیہ زارا الٰہی اور مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی نے ایف آئی اے کا منی لانڈرنگ کیس خارج کرنےکے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں