لاہور( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ یہی وقت ہے جب کوئی کسی کا ساتھ دیتا ہے، میری لیگل ٹیم بہت مضبوط ہے، سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہوں، سب کو پتہ ہے مقدمات کے پیچھے کون ہے۔
ہمارا ان لوگوں سے کوئی لینا دینا نہیں جو فوج کے خلاف ہیں، ہمارے ساتھ بیٹھیں اور بتائیں کہ ملک کو آگے کیسے بڑھانا ہے۔ پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ڈی ایم ایک ناکام شعبہ ہے، کوئی ایک کام بتادیں جو انہوں نے پورا کیا ہو، میرے گھر کا بچہ بچہ پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہے، آنے والے وقت میں پنجاب صرف پی ٹی آئی کا ہے، میری تمام ادویات بند کی ہوئی ہیں مجھے سونے نہیں دیتے، جتنی مرضی کیسز بنالیں کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم حق سچ کی آواز کو بلند کر رہے ہیں، سب کو معلوم ہے کہ مقدمات کے پیچھے کون ہے، مقدمات درج کروانے والوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم فوج کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ان لوگوں سے کوئی لینا دینا نہیں جو فوج کے خلاف ہیں، ہمارے ساتھ بیٹھیں اور بتائیں کہ ملک کو آگے کیسے بڑھانا ہے۔
جہاں ہم غلط ہوئے ہم اپنی اصلاح کریں گے، فوج ہمارا ادارہ ہے ہم اس کے ساتھ ہیں۔ ادھر مقامی عدالت نے محکمہ اینٹی کرپشن کی پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، عدالت نے سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین کو بھی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کر دئیے جب کہ ترجمان اینٹی کرپشن نے کہا ہے کہ پرویزالٰہی کے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کو اعلیٰ عدلیہ میں چیلنج کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں